مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ
پاکستان ریلوے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر تمام مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کردیا۔
محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ یکم نومبر سے کرایوں میں اضافے کا اطلاق ہوگا۔
مزید پڑھیں: ریلوے نے حادثات کی روک تھام کیلئے لاہور ڈویژن کے 924 مقامات پر باڑ لگادی
نوٹی فکیشن میں محکمہ آئی ٹی کو ہدایت کی گئی کہ پیشگی ریزوریشن پر 10 فیصد اضافے کے ساتھ کرایہ وصول کیا جائے۔
علاوہ ازیں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی کہ یکم نومبر سے نافذ ہونے والا اضافی کرایہ نامہ تمام متعلقہ ذیلی محکموں میں ویزاں کریں۔
اس ضمن میں سماجی روابط کی ویب سائٹ پر محکمہ ریلوے کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ٹرینوں کے کرایے بڑھانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے 15 فیصد کرایہ بڑھانے کی تجویز دی جبکہ وزارت ریلوے نے مسافروں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے سامان بردار ٹرینوں کا 5 فیصد جبکہ مسافر ٹرینوں کا 10 فیصد کرایہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے 16 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد اپوزیشن نے حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی مہم شروع کر دی تھی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 20 اکتوبر سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
اس سلسلے میں پہلا مظاہرہ گزشتہ روز راولپنڈی میں ہوا تھا۔