• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

مسلم لیگ (ن) کسی بھی بین الاقوامی سازش کا حصہ نہیں بنے گی، شہباز شریف

شائع October 25, 2021
فیصل آباد میں جس نے بھی نعرے لگائے اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، شہباز شریف - فائل فوٹو:رائٹرز
فیصل آباد میں جس نے بھی نعرے لگائے اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، شہباز شریف - فائل فوٹو:رائٹرز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کسی بھی بین الاقوامی سازش کا حصہ نہیں بنے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’فیصل آباد میں جس نے بھی نعرے لگائے اس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ وہ نہ تو کارکن ہیں اور نہ ہی مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عوامی جلسوں میں مسلح افواج کے مختلف ونگز کے سربراہان کے خلاف نعرے لگانا نہ تو قومی مفاد میں ہے اور نہ ہی اسے کسی بھی قیمت پر، (خاص طور پر) موجودہ بین الاقوامی تناظر میں جس میں ایک نئی سرد جنگ خطے کو گھیرنے والی ہے کی اجازت دی جانی چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کسی بھی (فوجی) ادارے میں تقرر و تبادلے ایک داخلی معاملہ ہے جس کی باہر سے مداخلت کی ضرورت نہیں ہے اور یہ ماضی میں کبھی نہیں کی گئی تھی‘۔

مزید پڑھیں: بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے ملک گیر مظاہرے

واضح رہے کہ نام لیے بغیر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ریلی میں اپنی تقریر کے دوران انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کے تقرر کے تنازع کا حوالہ دیا تھا۔

جب وہ اپنی تقریر ختم کر رہی تھی تو ایک شخص اسٹیج پر سامنے آیا اور جلسے کے شرکا سے کہا کہ وہ آئی ایس آئی کے سربراہ کے خلاف نعرے بلند کرے۔

شہباز شریف، جو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں، نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ملک میں دفاع، سلامتی اور امن کے لیے ایک پیشہ ور اور مضبوط فوج ناگزیر ہے اور مسلح افواج کو متنازع بنانے سے ان مقاصد کے حصول کے لیے ان کی صلاحیتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت کسی بھی بین الاقوامی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جو قومی دفاع کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا قافلہ نکل چکا ہے اور یہ پی ٹی آئی حکومت کو لوگوں کے سامنے بے نقاب کرنے کے بعد ہی سکون کا سانس لے گا۔

حکومت کی طرف سے آرڈیننس کے اجرا کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی حکومت، پارلیمنٹ کو گزشتہ 3 سالوں سے بند رکھے ہوئے اور آرڈیننس کے ذریعے ملک چلارہی ہے حالانکہ یہ پارلیمنٹ ہے جو آئین کی حکمرانی کو یقینی بناتی ہے ’لیکن حکومت صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سب کچھ کر رہی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کے 'قومی حکومت' کے بیان نے سیاسی بحث چھیڑ دی

انہوں نے کہا کہ یہ قوم کی بدقسمتی ہے کہ موجودہ وزیر اعظم نے ہر چیز کو تالا لگا کر معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھ کر 175 روپے ہو گئی ہے اور اگر ڈالر کی یہ پرواز جاری رہی تو عوام کا اتحاد بھی ملک کی معیشت کو بچانے میں ناکام ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے اور بے روزگاری کا باعث بن رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے 80 رکنی مضبوط وفد کی سربراہی میں ایک اور یو ٹرن لیا ہے۔

ڈینگی کی لعنت کے خلاف بطور وزیراعلیٰ پنجاب کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکمران اس بیماری کے خلاف جنگ میں بہت کم کام کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024