• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:27pm

جنرل نگار کا کردار اب تک کا میرا سب سے بہتر کام ہے، ماہرہ خان

شائع October 23, 2021
ٹیلی فلم میں ماہرہ خان جنرل نگار جوہر کے روپ میں دکھائی دیں گی—پرومو فوٹو
ٹیلی فلم میں ماہرہ خان جنرل نگار جوہر کے روپ میں دکھائی دیں گی—پرومو فوٹو

اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ اگر ٹیلی فلم ’ایک ہے نگار‘ میں ان کی جانب سے خاتون فوجی کا کردار نبھانے کو ان کا اب تک کا سب سے بہترین کام کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

ماہرہ خان کی ٹیلی فلم ’ایک ہے نگار‘ کو آج شب 8 بجے اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، جس میں وہ پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

اسی فلم کے حوالے سے ’وائس آف امریکا‘ (وی او اے) اردو سے بات کرتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ اسکرین پر جنرل نگار جوہر کا کردار ادا کرنے سے مطمئن ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے اسکرین پر فوجی خاتون کا روپ دھارا۔

ماہرہ خان نے کہا کہ اگر مذکورہ ٹیلی فلم میں ان کے کردار کو ان کے کیریئر کا اب تک کا سب سے بہترین کام کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم میں فوجی خاتون افسر کا کردار ادا کرنے کے لیے انہوں نے ’سلیوٹ‘ کرنے سے لے کر ’رائیفل‘ چلانے تک کی تربیت حاصل کی۔

ماہرہ خان ایک ہے نگار کی شریک پروڈیوسر بھی ہیں—اسکرین شاٹ
ماہرہ خان ایک ہے نگار کی شریک پروڈیوسر بھی ہیں—اسکرین شاٹ

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں حقیقی کردار ادا کرنے میں مزہ آتا ہے اور ان کی نظر میں ایسے کرداروں کو مشکل کہنا غلط ہے، تاہم ساتھ ہی اعتراف کیا کہ سوانح عمری کے کردار ادا کرتے وقت ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ ’ایک ہے نگار‘ کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے حتی الامکان کوشش کی کہ وہ جنرل نگار جوہر کے کسی عمل کو کاپی نہ کریں اور انہوں نے ایک طرح سے فوجی خاتون کے کردار کو نبھایا نہیں بلکہ اسے زندگی کی طرح ’جیا‘ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان اسکرین پر پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل بننے کو تیار

اداکارہ کے مطابق انہوں نے جنرل نگار جوہر سے اسکرین پر ان کا کرادا کرنے سے متعلق رائے مانگی تھی، جس پر فوجی خاتون افسر نے ان پر یقین کرتے ہوئے انہیں کہا کہ وہ ان کا کردار ادا کرلیں گی۔

ماہرہ خان کے مطابق جنرل نگار جوہر ٹیلی فلم کی شوٹنگ کے وقت عام طور پر آخری وقت میں آتی تھیں اور ان کی موجودگی میں شوٹنگ برقرار رکھنا مشکل بن جاتا تھا۔

’ایک ہے نگار‘ میں جہاں ماہرہ خان جنرل نگار جوہر کے روپ میں دکھائی دیں گی، وہیں بلال اشرف اسکرین پر فوجی خاتون افسر کے شوہر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم کا ٹیزر ریلیز

مذکورہ ٹیلی فلم کو ماہرہ خان اور نینا کاشف نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اس کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے۔

’ایک ہے نگار‘ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے بنایا گیا ہے اور اس کی ہدایات عدنان سرور نے دی ہے، اس کے جاری کیے گئے ٹریلر اور ٹیزر کو لوگوں نے خوب سراہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 3 دسمبر 2024
کارٹون : 2 دسمبر 2024