• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ملک کے 75 فیصد لوگوں کا خیال ہے ’ایوارڈز‘ تعلقات پر ملتے ہیں، مہوش حیات

شائع October 23, 2021
بینظیر بھٹو کا کردار ادا کرنے سے قبل ان کے خاندان سے ملوں گی، مہوش حیات—فوٹو: انسٹاگرام
بینظیر بھٹو کا کردار ادا کرنے سے قبل ان کے خاندان سے ملوں گی، مہوش حیات—فوٹو: انسٹاگرام

تمغہ امتیاز سمیت متعدد شوبز ایوارڈز جیتنے والی اداکارہ مہوش حیات کا ماننا ہے کہ ملک کے 75 فیصد لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ’ایوارڈز‘ تعلقات کی بنیاد پر ملتے ہیں۔

’جشن کرکٹ‘ میں بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے نہ صرف ایوارڈز کے حوالے سے عوامی رائے پر بات کی بلکہ انہوں نے آئٹم نمبرز کے حوالے سے لوگوں کے خیالات پر اظہار خیال کیا۔

پروگرام میں مہوش حیات سے ایوارڈز، فلموں اور آئٹم نمبرز کے حوالے سے لوگوں کی رائے سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔

پروگرام کے فارمیٹ کے تحت مہوش حیات سے وہی سوال کیے گئے جن سے متعلق پہلے ہی سروے کرائے گئے تھے اور لوگوں سے رائی معلوم کی گئی تھی اور وہی سوال اداکارہ سے کیے گئے اور ان سے پوچھا گیا کہ ان کے خیال میں فلاں معاملے پر کتنے لوگ کیسا سوچتے ہیں؟

پروگرام کے دوران انہوں نے سابق خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم پر بات کی اور بتایا کہ تاحال وہ ابتدائی مراحل میں ہے اور وہ اس ضمن میں فی الحال کوئی تفصیلات عام نہیں کرنا چاہتیں۔

یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات کو تمغہ امتیاز کیسے ملا؟ سوال پوچھنے پر اداکارہ کا کرارا جواب

مہوش حیات نے بینظیر بھٹو کی زندگی پر فلم بنانے کے حوالے سے بختاور بھتو زرداری کے اعتراضات کو غیر اہم قرار دیا اور کہا کسی کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے قانونی طور پر اجازت درکار نہیں ہوتی، تاہم وہ اخلاقی طور پر فلم بنانے سے قبل سابق وزیر اعظم کے خاندان کے پاس جائیں گی۔

فلموں میں آئٹم نمبرز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ اب لوگوں کی سوچ تبدیل ہوگئی ہے، تاہم اس کے باوجود 20 فیصد افراد اب بھی چاہتے ہیں کہ فلموں میں آئٹم گانے شامل ہوں۔

انہوں نے ’نامعلوم افراد‘ میں اپنے آئٹم گانے ’بلی‘ کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے 2014 میں گانا ریکارڈ کروایا تھا، اب 2021 آگیا ہے اور لوگوں کی سوچ تبدیل ہوگئی ہے۔

مہوش حیات نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ناچ اور گانے فلموں کا حصہ ہوتے تھے اور ان کے خیال میں اب بھی اگر ناچ گانا فلم کی کہانی کا حصہ ہو تو اداکارا کو ضرور کرنا چاہیے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہیں متعدد بار ائٹم گانوں کی پیش کش بھی ہوئی مگر انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا، کیوں کہ وہ کوئی بھی کام دوسری بار نہیں کرتیں۔

ایک سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا کہ پاکستان کے 50 فیصد مرد اپنا پیٹ چھپانے کے لیے شلوار قمیض پہنتے ہیں، تاہم ساتھ ہی کہا کہ بہت سارے لوگ جمعے کے مبارک دن پر احترام کے طور پر بھی شلوار قمیض پہنتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کا خیال ہے کہ 60 فیصد افراد عوامی ٹوائلٹس کی ناقص صورتحال کا ذمہ دار عام لوگوں کو ٹھہراتے ہیں۔

مزید پڑھیں: مہوش حیات نے سول ایوارڈ وصول کرلیا

انہوں نے پروگرام کے دوران یہ بھی کہا کہ ڈراموں میں بولڈ سین یا متنازع مواد کو دکھانے سے متعلق پروڈیوسرز و ہدایت کاروں کو سوچنا اور سمجھنا چاہیے، اس پر حکومت ہدایات جاری نہ کرے۔

ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ اب پاکستانی ڈراموں میں یکسانیت ہوگئی ہے، ایک ہی طرح کے اسکرپٹس پر کام ہو رہا ہوتا ہے۔

مذکورہ پروگرام میں انہوں نے فلمی ایوارڈز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ان کا خیال ہے کہ 75 فیصد افراد یہ سمجھتے ہیں کہ ’ایوارڈز‘ تعلقات کی بنیاد پر ملتے ہیں۔

انہوں نے اسی معاملے پر مزید کہا کہ ’نیشنل ایوارڈز‘ احترام و عزت کے طور پر دیے جاتے ہیں، ان کے لیے ایک کمیٹی ہوتی ہے جو لوگوں کا انتخاب کرتی ہے، تاہم فلمی ایوارڈز سے متعلق لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ تعلقات کی بنیاد پر ملتے ہیں۔

میزبان نے ان سے پوچھا کہ ان کے تو بہت سارے تعلقات ہیں، پھر انہیں تو کئی ایوارڈز ملے ہوں گے، جس پر مہوش حیات ہنس پڑیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024