• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چھبیس سال بعد ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا میوزیکل تھیٹر بنانے کا اعلان

شائع October 23, 2021
دل والے دلہنیا لے جائیں گے 1995 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
دل والے دلہنیا لے جائیں گے 1995 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

بولی وڈ کی ہر وقت کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہونے والی شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’دلوالے دلہنیا لے جائیں گے‘ پر یش راج فلمز نے میوزیکل تھیٹر بنانے کا اعلان کردیا۔

یش راج فلمز کی جانب سے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ ڈھائی دہائیوں بعد فلم ساز ادیتیا چوپڑا اپنے ڈائریکٹوریل ڈیبیو فلم کا میوزیکل تھیٹر تیار کریں گے۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ جس طرح ادیتیا چوپڑا نے ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، اسی طرح وہ اپنی مقبول ترین فلم کے میوزیکل تھیٹر سے تھیٹر کی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار ادیتیا چوپڑا فلم کا میوزیکل تھیٹر ہندی کے بجائے انگریزی میں تیار کریں گے، جس کا نام ’کم فال ان لو‘ رکھا گیا ہے۔

پوسٹ میں واضح کیا گیا کہ ’کم فال ان لو‘ کی کہانی میوزک کے ذریعے پیش کی جائے گی اور اس کی میوزک امریکی اور بھارتی لکھاری و موسیقار مشترکہ طور پر تیار کریں گے۔

یش راج فلمز کے مطابق میوزیکل تھیٹر کی ابتدائیہ شاعری ایوارڈ نغمہ نگار نیل بینجمن لکھیں گی جب کہ تھیٹر کے گانوں کی میوزک بھارتی موسیقار وشال دادلانی اور شیکھر رجوانی ترتیب دیں گے۔

گانوں کی کوریوگرافی یعنی ڈانس کو امریکی ایوارڈ یافتہ تھیٹر ڈائریکٹر روب اشفورڈ ترتیب دیں گے، تاہم بھارتی کوریو گرافر شروتی مرچنٹ بھی ان کا ساتھ دیں گی۔

تھیٹر کو امریکی تھیٹر ڈیزائنر ڈائریکٹر ڈریک مک لینی ڈیزائن کریں گے اور تھیٹر کی کاسٹ میں عالمی اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا، جن کی تلاش جلد شروع کی جائے گی۔

پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ سے ماخوذ میوزیکل تھیٹر کا آغاز ستمبر 2022 میں ہوگا اور تھیٹر کو یش راج فلمز کے بینر تلے پیش کیا جائے گا۔

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے بتایا کہ مذکورہ تھیٹر کا ورلڈ پریمیئر امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے ’اولڈ گلوب‘ تھیٹر میں ہوگا، جس کے بعد اسے ’بروڈ وے‘ کے تحت متعدد امریکی تھیٹرز میں بھی پیش کیا جائے گا۔

یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ بولی وڈ فلم سے ماخوذ میوزیکل تھیٹر کو بھارت میں کب پیش کیا جائے گا اور کیا مذکورہ تھیٹر میں بھارتی اداکار یا اداکارائیں بھی شامل ہوں گی۔

مذکورہ تھیٹر کی کہانی گانوں کے پس منظر میں بنائی جائے گی اور اسے ایک رومانوی تھیٹر کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

مذکورہ تھیٹر سے قبل ادیتیا چوپڑا نے 1995 میں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے ذریعے 23 سال کی عمر میں فلم ہدایت کاری کا آغاز کیا تھا، اب وہ اپنی ہی پہلی فلم پر تھیٹر بنا کر تھیٹر ہدایت کاری میں قدم رکھیں گے۔

’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں شاہ رخ خان اور کاجول نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور مذکورہ فلم کو بولی وڈ کی ہر دور کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔

’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی یکساں پسند کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024