• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ملکہ برطانیہ کی طبیعت ناساز، سالوں بعد رات ہسپتال میں گزاری

شائع October 23, 2021
ملکہ الزبتھ نے بدھ کی رات ہسپتال میں گزاری —فائل فوٹو: رائٹرز
ملکہ الزبتھ نے بدھ کی رات ہسپتال میں گزاری —فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا کی معمر ترین ملکہ کا اعزاز حاصل کرنے والی ملکہ برطانیہ 95 سالہ الزبتھ دوم نے ناسازی طبیعت کے باعث سالوں بعد پہلی رات ہسپتال میں گزاری۔

خیال رہے کہ ملکہ برطانیہ ناسازی طبیعت کے باعث شمالی آئرلینڈ کا دورہ منسوخ کرنے پر مجبور ہوئیں اور ایک رات ہسپتال میں گزارنے کے بعد ونڈسر محل واپس آئیں، جسے بکھنگم پیلس نے ’ابتدائی معائنہ‘ قرار دیا۔

برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ملکہ الزبتھ نے بدھ کی رات ہسپتال میں گزاری لیکن اگلے روز وہ لندن کے مغربی حصے میں واقع ونڈسر محل میں واپس آگئی تھیں اور حکام کا کہنا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں۔

مزید پڑھیں: ملکہ برطانیہ چلتے وقت چھڑی کا سہارا لینے لگ گئیں

بکھنگم پیلس کے مطابق 20 اکتوبر کو ملکہ کے طبی عملے کی جانب سے انہیں آرام کرنے کی تاکید کے بعد ان کا شمالی آئرلینڈ کا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا لیکن ان کی بیماری کا تعلق کورونا وائرس سے نہیں تھا۔

اس حوالے سے جمعرات کی شب کو جاری کردہ بیان میں برطانوی شاہی محل نے کہا کہ ’کچھ دن آرام کرنے کے طبی مشورے کے بعد ملکہ الزبتھ دوم، کچھ ابتدائی معائنے کے لیے بدھ کی سہ پہر ہسپتال گئی تھی اور ، آج دوپہر کے کھانے کے وقت ونڈسر محل واپس آگئیں اور اب ان کی طبیعت ٹھیک ہے’۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا —فائل فوٹو: اے پی
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا —فائل فوٹو: اے پی

تاہم ان کے معاونین نے اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں کہ ملکہ الزبتھ کی صحت کے حوالے سے توجہ کس چیز پر مرکوز کی گئی جبکہ کچھ شاہی نامہ نگاروں نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ان کی صحت سے متعلق باضابطہ بیان حقیقت کی عکاسی کرتا ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملکہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملکہ اپنے امور سرانجام دے رہی ہیں۔

بورس جانسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ملکہ الزبتھ اب ٹھیک ہیں اور دفتری امور بھی انجام دے رہی ہیں’۔

شاہی محل کے ذرائع نے بتایا کہ ملکہ الزبتھ دوم نے وسطی لندن کے کنگ ایڈورڈ VII ہسپتال میں عملی وجوہات کی بنا پر قیام کیا اور یہ طبی ٹیم نے ایک محتاط انداز کی وجہ سے تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ وہ اب آرام کر رہی ہیں اور کچھ سرکاری فرائض انجام دے رہی ہیں۔

ملکہ الزبتھ دوم جو آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ سمیت 15 ممالک کی ملکہ ہیں جمعرات کی سہ پہر کو اپنے دفتری امور پر واپس آئیں اور کچھ ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔

وہ 1952 سے تخت پر ہیں اور برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والی حکمران ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملکہ برطانیہ نے ’اولڈی آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ لینے سے معذرت کرلی

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی عمر 95 برس ہے اور وہ زائد العمری کے باوجود متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

وہ برطانیہ کی ایک ہزار سالہ شاہی تاریخ کی پہلی ملکہ بھی ہیں، جو اب تک سب زیادہ عہدے پر براجمان رہی ہیں۔

الزبتھ دوئم اگست 2015 میں برطانیہ کے شاہی تخت پر سب سے طویل عرصے تک براجمان رہنے والی ملکہ بنی تھیں، انہیں تخت پر بیٹھے ہوئے 70 سال ہونے والے ہیں۔

ملکہ برطانیہ نے فروری 1952 میں والد کی وفات کے بعد تخت سنبھالا تھا، ان کے شوہر شہزادہ فلپس 99 سال کی عمر میں رواں برس اپریل میں چل بسے تھے۔

وہ اب چلتے وقت چھڑی کا سہارا لینے لگ گئی ہیں اور انہیں پہلی مرتبہ 12 اکتوبر کو چھڑی کے سہارے چلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

ملکہ برطانیہ کو پہلی بار 12 اکتوبر کو چھڑی کے ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: پی اے
ملکہ برطانیہ کو پہلی بار 12 اکتوبر کو چھڑی کے ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: پی اے

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024