اوپو کا 64 میگا پکسل کیمرے سے لیس نیا فون 'کے 9 ایس'
اوپو نے ایک نیا اسمارٹ فون 'کے 9 ایس' پیش کردیا ہے۔
یہ گزشتہ ماہ متعارف کرائے گئے 'کے 9 پرو' کا سستا متبادل فون ہے جبکہ اوریجنل 'کے 9' سے زیادہ بہتر ہے۔
فون کے اندر اسنیپ ڈراگون 778 جی پراسیسر موجود ہے۔
فون میں اس سیریز کے دیگر دونوں فونز کے مقابلے میں زیادہ بڑا 6.59 انچ کا ڈسپلے موجود ہے۔
یہ آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے ہے جس کے ساتھ 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 240 ہرٹز ریفریش ٹچ سیمپلنگ ریٹ دیا گیا ہے۔
فنگرپرنٹ فون کے سائیڈ میں ہے جبکہ اسکرین کے تحفظ کے لیے پانڈا گلاس پروٹیکشن استعمال کیا گیا ہے۔
فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔
اس سیٹ اپ کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں۔
کمپنی کے مطابق مین کیمرا 4K ویڈیو 30 فریم فی سیکنڈ پر ریکارڈ کرسکتا ہے۔
بڑے ڈسپلے کے باعث فون میں 5000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے اور 59 منٹ میں سو فیصد بیٹری چارج ہوسکتی ہے۔
دیگر فیچرز میں ہیڈ فون جیک، 5 جی سپورٹ، وائی فائی 6 اور بلیو ٹوتھ 5.2 قابل ذکر ہیں۔
اوپو کے 9 ایس میں 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح ورچوئل ریم کے فیچر سے ریم کی گنجائش کو 5 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کلر او ایس 11.2 سے کیا گیا ہے۔
یہ فون سب سے پہلے چین میں یکم نومبر کو فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1700 یوآن (45 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کے لیے 1900 یوآن (51 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔