• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

آریان خان کی ضمانت کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر

شائع October 20, 2021
آریان خان 13 دن سے جیل میں ہے—فائل فوٹو: فیس بک
آریان خان 13 دن سے جیل میں ہے—فائل فوٹو: فیس بک

منشیات رکھنے اور اسے استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

اس سے قبل 20 اکتوبر کو ممبئی کی سیشن کورٹ نے آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی تھی جب کہ اس سے پہلے 7 اکتوبر کو میٹروپولیٹن عدالت نے بھی ان کی درخواست مسترد کی تھی۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ سیشن کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے فوری بعد آریان خان کے وکلا نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر 21 اکتوبر کی صبح 11 بجے تک سماعت ہونے کا امکان ہے۔

سیشن کورٹ نے 20 اکتوبر کو آریان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا
سیشن کورٹ نے 20 اکتوبر کو آریان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا

آریان خان کے وکلا کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے پر نارکوٹکس فورس کی وکلا ٹیم نے بولی وڈ اداکار کے بیٹے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آریان خان کے وکلا نے 20 اکتوبر کی دوپہر کو ہی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور ان کی کوشش تھی کہ اسی دن ہی ان کی درخواست پر سماعت ہو لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریان خان کی درخواست ضمانت پر 21 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ کا سنگل بینچ سماعت کرے گا اور نئی پیش رفت سے متعلق نارکوٹکس فورس کی وکلا ٹیم کو بھی آگاہ کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق انسداد منشیات فورس کی قانونی ٹیم نے تصدیق کی کہ 21 اکتوبر کو آریان خان کی درخواست ضمانت پر ممبئی ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سیشن کورٹ نے بھی آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی

شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکلا کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں نارکوٹکس فورس پر الزامات لگاتے ہوئے ان کی دعووں کو جھوٹا قرار دیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ آریان خان کو نہ تو جائے وقوع سے گرفتار کیا گیا اور نہ ہی ان سے ذاتی طور پر منشیات برآمد ہوئیں۔

ہائی کورٹ سے قبل سیشن کورٹ نے 20 اکتوبر کو آریان خان کی ضمانت مسترد کردی تھی جب کہ اس سے قبل 7 اکتوبر کو میٹروپولیٹن کورٹ نے بھی ان کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔

آریان خان ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
آریان خان ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

آریان خان ساتھیوں سمیت اس وقت 14 دن کے ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور انہیں جیل میں 13 دن گزر چکے ہیں۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کو تین اکتوبر کو ساتھیوں سمیت ممبئی کے ساحل سمندر پر ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں سمیت مذکورہ کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

مزید پڑھیں: آریان خان کو رہائی نہ مل سکی، 20 اکتوبر تک جیل میں رہیں گے

انہیں انسداد منشیات فورس یعنی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔

آریان خان اس وقت دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں جب کہ ان کے ہمراہ گرفتار کی گئی دو خواتین منمن دھمیچا سمیت دوسری خاتون کو عورتوں کے جیل میں رکھا گیا ہے۔

آریان خان کی گرفتاری اور عدالت میں چلنے والی کارروائیوں کی وجہ سے ان کا کیس بھارت کا انتہائی ہائی پروفائل کیس بن چکا ہے اور مذکورہ معاملے پر سیاست دان بھی کود پڑے ہیں۔

کئی لوگ مسلمان اداکار کے بیٹے کی گرفتاری اور ان کے خلاف عدالتی کارروائیوں کو مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں قرار دے رہے ہیں جب کہ بعض لوگ مذکورہ معاملے کو نارکوٹکس فورس کی پھرتیاں کہ رہے ہیں۔

ماتحت عدالتوں نے آریان خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
ماتحت عدالتوں نے آریان خان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024