اب ایپ کے بغیر کمپیوٹر سے بھی انسٹاگرام فوٹوز پوسٹ کرنا ممکن
اگر تو آپ انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرتے ہیں مگر انٹرنیٹ کی رفتار سے اکثر انتظار کی زحمت اٹھانا پڑتی ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب ایسا کرنے کے لیے ایپ کی ضرورت نہیں۔
جی ہاں اگر آپ نے انسٹاگرام کا ویب ورژن دیکھا ہو جس میں ویسے تو صرف تصاویر کو لائیک یا نوٹیفکیشن وغیرہ دیکھے جاسکتے ہیں، تو اب وہاں آپ تصاویر بھی پوسٹ کرسکتے ہیں۔
جی ہاں کمپنی کی جانب سے آخرکار ڈیسک ٹاپ ورژن پر انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرنے کا آپشن صارفین کو فراہم کیا جارہا ہے۔
21 اکتوبر سے دنیا بھر میں صارفین کے لیے تصاویر اور مختصر ویڈیوز (ایک منٹ سے کم وقت کی) کمپیوٹر براؤزر سے پوسٹ کرنے کا آپشن فراہم کیا جارہا ہے۔
اس سے پہلے انسٹاگرام تصاویر ایپ سے ہٹ کر پوسٹ کرنا ممکن نہیں تھا مگر اب یہ سہولت دستیاب ہوگی۔
یعنی اگر فون دستیاب نہ ہو تو یہ نیا آپشن پوسٹس کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا بالخصوص بزنس اکاؤنٹس اور انسٹاگرام کریٹیئرز کے لیے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ ڈیسک ٹاپ پر موبائل ایپ کی طرح فلٹرز کی سہولت بھی پوسٹ کرنے کے لیے دستیاب ہوگی یا نہیں۔
کمپنی کی جانب سے موبائل ایپ کے لیے بھی متعدد اپ ڈیٹس کی جارہی ہیں۔
ایک کولابس یسٹ فیچر (19 اکتوبر سے) سے دستیاب ہوگا جو 2 افراد کو پوسٹس اور ریلز پوسٹ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
اس کے لیے آپ کو بس اپنے کسی دوست کو ٹیگنگ اسکرین پر انوائیٹ کرنا ہوگا اور دونوں افراد کے فالوورز اس پوسٹ کو دیکھ سکیں گے بلکہ وہ دونوں ویوز، لائیکس اور کمنٹس کو بھی شیئر کرسکیں گے۔
اسی طرح نئے ریلز ایفیکٹس بھی 21 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے جن میں زیادہ تر موسیقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔