• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ہنگو میں فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک سپاہی شہید

شائع October 20, 2021
دہشت گردوں نے ہنگوکے علاقے تھل میں حملہ کیا—فائل فوٹو: اے پی
دہشت گردوں نے ہنگوکے علاقے تھل میں حملہ کیا—فائل فوٹو: اے پی

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' سے جاری بیان کے مطابق ‘ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں رات گئے دہشت گردوں نے فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر جواب دیا’۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشت گرد ہلاک

بیان میں کہا گیا کہ ‘فائرنگ کے تبادلے کے دوران 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہوئے، جن کا تعلق مانسہرہ سے تھا’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘علاقے میں کسی دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس کارروائی کی جارہی ہے’۔

اس سے قبل 14 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے ضم شدہ ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور اس دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد عارف اللہ عرف داد اللہ ہلاک ہوگیا۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں ملک میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ اسی آپریشن میں 7 فوجی شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: انٹیلی جنس آپریشن میں 7 فوجی شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

اس سے قبل یعنی ستمبر کے اوائل میں کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر ایک چیک پوسٹ کے قریب خودکش حملے میں فرنٹیئر کور کے کم از کم چار اہلکار شہید اور 18 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں 31 اگست کو شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دوسلی میں کلیئرنس آپریشن کر رہی تھیں کہ آئی ای ڈی پھٹ گیا۔

اگست میں بلوچستان کے ضلع زیارت میں لیویز اہلکاروں کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 3 لیویز اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024