• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

سیشن کورٹ نے بھی آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی

شائع October 20, 2021
آریان خان کو تین اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا
آریان خان کو تین اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ پریس ٹرسٹ آف انڈیا

بھارتی شہر ممبئی کی سیشن کورٹ نے بھی منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

سیشن کورٹ نے آریان خان کی درخواست ضمانت پر گزشتہ ہفتے 14 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے 20 اکتوبر کی دوپہر کو سنایا گیا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سیشن کورٹ نے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں رہنے کا حکم دیا۔

آریان خان 7 اکتوبر سے 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور ان کا ریمانڈ 21 اکتوبر تک ختم ہوگا، جس کے بعد انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ عدالتی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں ضمانت دی جا سکتی ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سیشن کورٹ کی جانب سے بھی ضمانت درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب آریان خان کے وکلا ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں لیکن فوری طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ بولی وڈ اداکار کے بیٹے کے وکلا اعلیٰ عدالت سے کب تک رجوع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کو رہائی نہ مل سکی، 20 اکتوبر تک جیل میں رہیں گے

سیشن کورٹ سے قبل میٹروپولیٹن عدالت نے بھی آریان خان کی ضمانت 7 اکتوبر کو مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا، جس کے بعد اب ان کا کیس سیشن کورٹ میں چل رہا ہے۔

آریان خان نے سیشن کورٹ میں 9 اکتوبر کو ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جس کے بعد 11 اکتوبر کو ان کی درخواست پر سماعت نہیں ہوسکی تھی اور 14 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے ان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے 20 اکتوبر کو سنایا گیا۔

آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں 3 اکتوبر کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔

آریان خان اس وقت دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں جب کہ ان کے ہمراہ گرفتار کی گئی دو خواتین منمن دھمیچا سمیت دوسری خاتون کو عورتوں کے جیل میں رکھا گیا ہے۔

آریان خان ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
آریان خان ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024