• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیشرفت، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان

شائع October 20, 2021
کاروباری سیشن کے دوران بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 843 پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا — فائل فوٹو / اے ایف پی
کاروباری سیشن کے دوران بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 843 پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا — فائل فوٹو / اے ایف پی

بین الاقوامی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات میں پیش رفت کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز حصص کی لین دین میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔

مارکیٹ میں دن بھر کاروبار میں تیزی ریکارڈ کی گئی اور دوپہر ایک بج کر 20 منٹ پر 802.72 پوائنٹس یا 1.8 فیصد تک اضافہ ہوا۔

کاروباری سیشن کے دوران دوپہر تقریباً ایک بج کر 40 منٹ پر بینچ مارک ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 843 پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ 45 ہزار 467 کی سطح پر پہنچ گئی۔

نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ میں غیر ملکی ادارہ جاتی سیلز کے سربراہ محمد فیضان نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ کے اُمید سے زیادہ اچھے نمبرز اور آئی ایم ایف سے اچھی خبر آنے سے مارکیٹ میں بہتری آئی ہے۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رضا جعفری کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں تیزی سے گزشتہ چند ہفتوں کی مندی کے بعد کچھ ریلیف ملا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کے پروگرام کے لیے پیشرفت کی ہے جبکہ اُمید ہے کہ ملک میں حالیہ سیاسی تناؤ کی کیفیت خوش اسلوبی سے ختم ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سیمنٹ کے شعبے میں تیزی: اسٹاک مارکیٹ میں 1112 پوائنٹس کا اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ امریکا، طویل عرصے بعد پاکستان میں اپنا سفیر بھیج رہا ہے جسے مثبت طور پر دیکھا جارہا ہے۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مارکیٹ میں حالیہ بہتری کا سلسلہ کچھ عرصے تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا نتیجہ آنے میں تاخیر کے باعث پیر کو اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی تھی۔

تاہم وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو شوکت ترین کے نیویارک سے مذاکرات میں شرکت کے لیے واپس واشنگٹن پہنچنے کے بعد مارکیٹ میں تیزی دکھائی دی۔

شوکت ترین کے ترجمان مزمل اسلم نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ‘آئی ایم ایف کے ساتھ جاری بات چیت میں شامل ہونے کے لیے مشیر خزانہ واشنگٹن واپس آئے ہیں’۔

دوسری جانب واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی وسطی و ایشیائی ممالک جہاد ازعور نے صحافیوں کو بتایا کہ آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے مابین 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے چھٹے جائزے پر بات چیت ’بہت اچھی سمت’ میں آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن اور حکام فی الحال پروگرام کے چھٹے جائزے کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں اور پروگرام کے مختلف پہلوؤں اور ان اقدامات کے بارے میں گفتگو جاری ہے جن پر حکومتِ پاکستان فی الحال غور کر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024