• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

شائع October 19, 2021 اپ ڈیٹ October 20, 2021
میلاد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں مختلف شہروں میں جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی
میلاد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں مختلف شہروں میں جلسے جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت—تصویر: رائٹرز
کراچی میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت—تصویر: رائٹرز

پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان ﷺ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عیدمیلادالنبی کے جشن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

اس موقع پر مساجد میں دین اسلام کی سر بلندی، مسلم امہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی و فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا 12 ربیع الاول کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان

میلاد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں حکومتی اور مذہبی تنظیموں، میلاد کمیٹیوں اور لوگوں کی جانب سے جلسے جلوس، سیرت النبی ﷺ کانفرنسز، سیمینار سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، جس میں علما، آئمہ حضرات نے مساجد میں سیرت النبی ﷺ اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔

میلاد النبی کے موقع پر گلیوں اور عمارتوں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا—تصویر: رائٹرز
میلاد النبی کے موقع پر گلیوں اور عمارتوں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا—تصویر: رائٹرز

رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادت کے دن کی خوشی میں گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں، شاہراہوں کو سبز پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیا سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔

اس سال وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر 3 سے 12 ربیع الاول تک مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی سطح پر عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ منایا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا رحمت اللعالمین اتھارٹی بنانے کا اعلان

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال بھی وزارت مذہبی امور کی طرف سے سرکار دوعالم ﷺ کی سیرت طیبہ اور حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے کتب سیرت، کتب نعت، مقالات سیرت اور خواتین کے لیے مذہبی کتب کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں جلوس میلاد کا ایک منظر—تصویر: اے ایف پی
مقبوضہ کشمیر میں جلوس میلاد کا ایک منظر—تصویر: اے ایف پی

دوسری جانب دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور فارن مشنز میں بھی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔

12ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا، علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے غیر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کی سزاؤں میں 3 ماہ کی تخفیف بھی کی گئی۔

علاوہ ازیں عیدمیلاد النبی ﷺ کی تمام تقاریب کے انعقاد کے موقع پر حکومت کی جانب سے کووڈ-19 کے ایس او پیز کا مکمل طور پر خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ اس سلسلے میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات اور ٹریفک پلانز جاری کیے گئے تھے۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صدر و وزیراعظم کے پیغامات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضور ﷺ نے مساوات، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا اور رنگ، نسل ،خاندان, زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی امت مسلمہ کو درپیش مسائل بالخصوص معاشرے میں پائے جانے والی انتشار، نفاق، ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانا چاہیے کہ اس نے حضرت محمد خاتم النبیین ﷺ کو مبعوث فرما کر انسانیت پر احسان فرمایا اور ہمیں ان کا اُمتی ہونے کا شرف بخشا۔

صدر نے مزید کہا کہ آپ ﷺ نے قبائلی عصبیت و قومیت کے بت کو پاش پاش کر کے اس کی جگہ ایک عالمگیر مساوات، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا،نگ، نسل، خاندان، زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے اور ایک ایسی فلاحی ریاست قائم کی جس میں امیر اور غریب کے حقوق برابر تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول وہ مہینہ ہے جس میں خالقِ کائنات نے بنیِ نوع انسان کی دنیاوی اور اخروی کامیابی کے لیے نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کو مشعلِ راہ بنا کر بھیجا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت سے انسانی معاشرے کے ہر پہلو میں ایسا انقلاب رونما ہوا جس نے پوری دنیا میں رائج ظلم کے نظام کی زنجیروں کو توڑ کر انسانیت پر فلاح کے دروازے کھول دیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپ ﷺ کی سیرت کا اثر ہی تھا کہ صدیوں سے اندرونی خلفشار کا شکار عرب قبائل ایک قوم بن کر ابھرے، عورتوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوا، غلاموں کو معاشرے میں عزت ملی اور یتیموں و بے سہارا لوگوں کو سہارا ملا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر عزم ہیں کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے اور اپنی زندگیوں کو سیرتِ نبوی کے سنہری اصولوں کی روشنی میں ڈھالنے اور اخلاقیات کی بہتری کے لیے بھرپور طور پر کوشاں رہیں گے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کا امتی ہونے پر انتہائی فخر محسوس کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نبی آخرالزمان ﷺ نے مذہبی، لسانی، معاشرتی اور معاشی تعصبات سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھی اور اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہی ہم بہترین معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے ‏تمام اہل اسلام کو مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ تاریخ کے عظیم ترین لیڈر نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت بھی سنوار سکتے ہیں

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024