• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

حکومت کے آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہونے کی بات ’بالکل غلط‘ ہے، شوکت ترین

شائع October 18, 2021
شوکت ترین نے کہا کہ حکومت جامع اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی
شوکت ترین نے کہا کہ حکومت جامع اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو شوکت ترین نے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات ناکام ہونے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات درحقیقت ’مثبت سمت‘ میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

قونصلیٹ جنرل نیویارک میں پاکستانی برادری سے خطاب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ ’مذاکرات جاری ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’حکومت جامع اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے جس سے معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً غریب عوام کو فائدہ پہنچے‘۔

مشیر خزانہ جمعہ کو واشنگٹن سے نیویارک پہنچے تھے، دارالحکومت میں انہوں نے قرض کے حوالے سے مذاکرات کے علاوہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے عالمی اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کن بنیادیوں پر کچھ لوگوں نے یہ تاثر دیا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے، ایسی بات کرنے والے بالکل غلط ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اس مرحلے میں حتمی تفصیلات پر کام کیا گیا اور مذاکرات کامیابی سے اختتام کو پہنچیں گے‘۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی تکمیل کیلئے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں، حکومت

شوکت ترین نے کہا کہ سیکریٹری خزانہ یوسف خان واشنگٹن میں ہی موجود ہیں اور آئی ایم ایف کے متعلقہ حکام سے مذاکرات کر رہے ہیں جبکہ وہ مشاورت کے لیے ایف بی آر چیئرمین سے بھی رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی مثبت ماحول ہے اور اگلے چند روز میں مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا اور دیگر حکام سے ملاقات بھی انتہائی مثبت رہی۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ’قوم کو کچھ بے بنیاد منفی رپورٹس سے مایوس نہیں ہونا چاہیے‘۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان سے ’ڈو مور‘ کے مطالبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب کوئی قرض کے لیے درخواست دیتا ہے تو ہر بینکر اس کا مطالبہ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کی اپنی ریڈ لائنز ہیں حالانکہ یہ واضح کیا جاچکا ہے کہ پائیدار ترقی کے لیے حکومت اصلاحاتی عمل جاری رکھے گی۔

قبل ازیں پاکستانی برادری سے خطاب میں شوکت ترین نے کہا کہ مستقبل کو دیکھتے ہوئے کی جانے والی مالی اصلاحات سے ٹیکس اور جی ڈی پی کا تناسب بہتر کرنے میں مدد ملی، جاری اکاؤنٹ خسارہ اور مالی خسارہ کم کرنے میں مدد ملی جبکہ آمدنی میں بہتری آئی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس زیادہ اکٹھا کرنا اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانا حکومت کے مالی ایجنڈے کے اہم اہداف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شوکت ترین، وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ مقرر

’آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی تکمیل کیلئے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں‘

اتوار کو فنانس ڈویژن نے اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن میں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیمیں متعلقہ ڈیٹا سیٹ کے تبادلے کے بعد ورچوئل فارمیٹ میں تفصیلی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فنانس ڈویژن نے کہا کہ مذاکرات کے اختتام کے لیے کسی بھی مرحلے پر کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024