• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

ورلڈ کپ کے پہلے ہی دن بنگلہ دیش کو اپ سیٹ شکست، اسکاٹ لینڈ کامیاب

شائع October 17, 2021
ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو چھ رنز سے شکست دے دی— فوٹو: بشکریہ آئی سی سی
ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو چھ رنز سے شکست دے دی— فوٹو: بشکریہ آئی سی سی

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے پہلے ہی دن اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے گروپ 1 کے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے دی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر درست ثابت ہوا اور تیسرے ہی اوور میں کپتان کائل کوئٹزر پانچ رنز بنا کر چلتے بنے۔

جیارن مُنسے نے میتھیو کراس کے ساتھ مل کر اسکور کو 45 تک پہنچایا لیکن پھر دونوں ہی بلے باز یکے بعد دیگرے بالترتیب 29 اور 11 رنز بنا کر مہدی حسن کو وکٹ دے بیٹھے۔

اسکور 52 تک پہنچا ہی تھا کہ شکیب الحسن نے رچی بیرنگٹن اور مائیکل لیسک کو چلتا کردیا جبکہ مہدی حسن نے کلم میک لیوڈ کی وکٹیں بکھیر دیں۔

53 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد اسکاٹ لینڈ کی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر کرس گریوز نے مارک واٹ کے ساتھ مل کر بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا۔

انہوں نے واٹ کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، واٹ 22 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اختتامی اوورز میں گریوز عمدہ بیٹنگ کی جس کی بدولت اسکاٹ لینڈ کی ٹمی مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے تین جبکہ مستفیض الرحمٰن اور شکیب الحسن نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

اس مرحلے پر وکٹ پر شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم پر مشتمل ٹیم کی سب سے تجربہ کار جوڑی آئی اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے مزید وکٹ پر قیام کی حکمت عملی اپنائی۔

لیکن وکٹ بچانے کی کوشش میں دونوں کھلاڑی حد سے زیادہ دفاعی طرز عمل اختیار کر گئے جس کے نتیجے میں درکار رن ریٹ بڑھتا گیا۔

دونوں نے 47 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد شکیب 28 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے جبکہ کچھ دیر بعد مشفیق کی 36 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی، ان دونوں کھلاڑیوں کو گریوز نے چلتا کیا۔

کپتان محمود اللہ اور عفیف حسن کی جوڑی نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن 106 کے مجموعے پر عفیف 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے جبکہ محمود اللہ 23 اور نور الحسن صرف 2 رنز بنا سکے۔

بنگلہ دیش کو آخری اوور میں فتح کے لیے 24 رنز درکار تھے لیکن مہدی حسن کی کاوش کے باوجود بنگلہ دیش کی ٹیم صرف 17 رنز بنا سکی۔

اس طرح اسکاٹ لینڈ نے ورلڈ کپ کے پہلے ہی دن اپ سیٹ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی امیدوں پر پانی پھیر کردیا اور چھ رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

اپنا دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلے والے کرس گریوز کو عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024