• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سندھ میں کورونا پابندیوں میں مزید نرمی، کاروبار پورا ہفتہ کھلا رکھنے کی اجازت

شائع October 16, 2021
صوبائی حکومت کا حکم نامہ 16 سے 31 اکتوبر تک نافذ العمل ہوگا — فائل فوٹو / اے ایف پی
صوبائی حکومت کا حکم نامہ 16 سے 31 اکتوبر تک نافذ العمل ہوگا — فائل فوٹو / اے ایف پی

حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے کاروبار ہفتے کے سات دن کھلا رکھنے کی اجازت دے دی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے میں پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے مختلف شعبوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شادی بیاہ کی ان ڈور تقریبات کے لیے 300، آؤٹ ڈور کے لیے 500 ویکسین شدہ افراد کی اجازت ہوگی۔

دیگر ان ڈور تقریبات میں 300 اور آؤٹ ڈور میں ایک ہزار ویکسین شدہ افراد شرکت کر سکیں گے۔

پبلک ٹرانسپورٹ اور ریلوے کے لیے ایس او پیز کے ساتھ 70 فیصد مسافروں کی جبکہ سنیما گھر رات ایک بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح درگاہیں بھی کھول دی گئی ہیں لیکن درگاہوں میں صرف ویکسین شدہ افراد داخل ہو سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان

صوبے میں تفریحی پارکس اور سوئمنگ پولز بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ ریسٹورنٹس اور بازاروں کے اوقات کار برقرار رہیں گے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے کر محدود لاک ڈاؤن لگانے کی مجاز ہوگی جبکہ ماسک پہننے کی پابندی آئندہ حکم تک عائد رہے گی۔

محکمہ داخلہ نے کہا کہ اب سے کاروبار ہفتے میں سات دن کھلنے کی اجازت ہوگی اور اتوار کو ’سیف ڈے‘ نہیں ہوگا۔

حکم نامہ 16 سے 31 اکتوبر تک نافذ العمل ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھی ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو ختم کر دیا اور ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے سینما اور مزارات کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔

این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ این پی آئیز کا نفاذ 16 سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا اور 28 اکتوبر کو این سی او سی کے اجلاس میں موجودہ این پی آئیز پر نظر ثانی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: این سی او سی کی ویکسینیٹڈ افراد کیلئے سینما اور مزار کھولنے کی اجازت

اس حوالے سے ان ڈور شادی کی تقریبات میں شرکا کی تعداد بڑھا کر 200 سے 300 جبکہ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات میں شرکا کی تعداد 400 سے بڑھا کر 500 کردی گئی تھی۔

این سی او سی نے سنیما اور مزارات کو بھی مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے کھول دیا تھا۔

فورم نے اس امر پہ زور دیا کہ عوام کو ویکسینیشن کے عمل کو قومی فریضے کے طور پر اپنانا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024