• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ایف بی آر کو رواں سال 37 فیصد زیادہ ٹیکس گوشوارے موصول

شائع October 16, 2021
یہ گوشوارے جمع کرانے کے لیے محدود توسیعی وقت میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی
یہ گوشوارے جمع کرانے کے لیے محدود توسیعی وقت میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی

وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) کو 15 اکتوبر تک ٹیکس سال 2021 کے لیے تنخواہ دار، غیر تنخواہ دار افراد اور کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے 37 فیصد زیادہ انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کو 15 اکتوبر کی آخری تاریخ تک 25 لاکھ 62 ہزار گوشوارے موصول ہوئے جن کی تعداد ٹیکس سال 2020 میں 8 دسمبر کی آخری تاریخ تک 17 لاکھ 72 ہزار تھی۔

ایف بی آر کے ترجمان اسد طاہر نے کہا کہ ادارے کو ٹیکس سال 2021 میں 64 فیصد اضافے سے ٹیکس گوشواروں کے ساتھ 48 ارب 47 کروڑ روپے حاصل ہوئے جبکہ گزشتہ سال 29 ارب 56 کروڑ روپے حاصل ہوئے تھے۔

گوشوارے جمع کرانے والوں کے بریک ڈاؤن سے ظاہر ہوتا ہے کہ جن افراد نے 2021 میں گوشوارے جمع کرائے ان کی تعداد 44.4 فیصد اضافے سے 24 لاکھ 87 ہزار رہی جو گزشتہ سال 17 لاکھ 23 ہزار تھی۔

یہ گوشوارے جمع کرانے کے لیے محدود توسیعی وقت میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کا مطالبہ

گوشواروں کے ساتھ افراد کی جانب سے رواں سال ٹیکس کی مد میں 20 ارب 75 کروڑ روپے حاصل ہوئے جو گزشتہ سال کے مقابلے 38.5 فیصد کا اضافہ ہے۔

افراد کی انجمنوں کی جانب سے 2021 میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 54 فیصد اضافے سے 65 ہزار 463 رہی جو گزشتہ سال 42 ہزار 454 تھی۔

ان انجمنوں کے گوشواروں سے رواں سال 4 ارب 68 کروڑ روپے کا ٹیکس حاصل ہوا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 92.6 فیصد زیادہ ہے۔

کارپوریٹ گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر ہے تاہم ایف بی آر کو جمعہ تک کمپنیوں کے 9 ہزار 240 گوشوارے موصول ہوئے اور ان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 31.8 فیصد اضافہ ہوا۔

کارپوریٹ گوشواروں سے حاصل ہونے والی ٹیکس آمدنی 89.6 فیصد اضافے سے رواں سال 23 ارب 2 کروڑ روپے رہی۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر نے 22 لاکھ گوشواروں کے ساتھ 42 ارب روپے ٹیکس جمع کیا

رواں سال حکومت نے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں صرف 15 اکتوبر تک توسیع کی تھی، تاہم ایف بی آر نے لوگوں کو اجازت دی تھی کہ وہ اِ ن لینڈ ریونیو کے چیف کمشنر کو گوشوارے جمع کرانے کے لیے 15 روز کی توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔

ٹیکس گوشواروں میں بڑا اضافہ ایف بی آر کی جانب سے منظم حکمت عملی اور جامع میڈیا مہم کے باعث ممکن ہوا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے ٹیکس ڈسپلن کو فروغ دینے اور گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کو اہمیت دینے کے لیے 15 اکتوبر کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024