الیکشن کمیشن، خیبرپختونخوا میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کی مارچ تک تکمیل کا خواہاں
اسلام آباد: صوبے میں 3 مراحل میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے حکومت خیبر پختونخوا کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ حکومت کی سب سے نچلی سطح کے لیے انتخابی عمل مارچ 2022 تک مکمل کرلیا جائے گا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر راجا سکندر سلطان کی سربراہی میں ہوا جس میں رواں برس دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ منعقد کرنے کی خیبرپختونخوا کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔
حکومت خیبر پختونخوا کے نمائندوں نے گاؤں اور اطراف کے علاقوں کے لیے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 2 حصوں میں کرنے کی تجویز دی، پہلا دسمبر جبکہ دوسرا آئندہ برس مئی میں، ساتھ ہی کہا کہ تحصیلوں کے لیے انتخابات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کی بلدیاتی انتخابات 3مراحل میں کرانے کی تجویز
تاہم ای سی پی نے کہا کہ تحصیل کونسل کے انتخابات بھی ساتھ ساتھ منعقد ہونے چاہئیں تاکہ جن اضلاع میں انتخابات ہو رہے ہیں وہاں کی تمام مقامی حکومتیں فعال ہوسکیں جبکہ اس اقدام سے اخراجات بھی کم ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ انتخابات کے تمام مراحل مارچ 2022 تک مکمل کرنا چاہتا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ای سی پی نے 21 ستمبر کو خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق ایک کیس سنا تھا جس میں صوبائی حکومت نے کہا تھا کہ وہ مرحلہ وار انتخابات کروانا چاہتی ہے۔
جس پر الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کو تحریری حکم نامے کا انتظار کیے بغیر پہلے مرحلے میں شامل تمام اضلاع اور دیگر تمام متعلقہ تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ دسمبر 2021 میں پہلا انتخابی مرحلہ منعقد ہوسکے لیکن صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی معلومات نہیں ملی اور اس لیے اجلاس بلایا گیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے گریزاں
جب صوبائی حکومت کے نمائندوں نے کہا کہ تحصیل کے انتخابات پر مشاورت مئی میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بعد ہوگی تو کمیشن نے واضح کیا کہ اس اجلاس کے بعد ای سی پی پہلے انتخابی مرحلے کی تاریخ کا حکم نامہ جاری کرے گا۔
ساتھ ہی کہا کہ مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور یہ بھی واضح کیا گیا کہ کمیشن انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور خیبر پختونخوا حکومت دوسرے مرحلے کے بارے میں ایک ہفتے کے اندر تفصیلات فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ موسم کی صورتحال کے پیشِ نظر حکومت خیبر پختونخوا نے گزشتہ ماہ فیصلہ کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کروائے جائیں گے، یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں ہوئے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش نے بتایا تھا کہ موسم کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے آئندہ بلدیاتی انتخابات گاؤں کی کونسل اور محلہ کونسل کے الیکشنز کی صورت میں مرحلہ وار اور علیحدہ علیحدہ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل میں کرانے کا اعلان
ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ مذکورہ بالا دونوں انتخابات کے بعد تحصیل کے لیے بلدیاتی انتخابات ہوں گے اور صوبے کے میدانی علاقوں میں پہلے انتخابات کروائے جائیں گے۔
دونوں اقسام کے الگ الگ انتخابات کرانے کے لیے محکمہ بلدیات نے گزشتہ سال خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترمیم بھی کی تھی۔
تاہم ای سی پی نے اس فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے لیے دگنی لاگت اور توانائی کی ضرورت ہوگی۔