• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملکہ برطانیہ چلتے وقت چھڑی کا سہارا لینے لگ گئیں

شائع October 13, 2021
ملکہ برطانیہ کو پہلی بار 12 اکتوبر کو چھڑی کے ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: پی اے
ملکہ برطانیہ کو پہلی بار 12 اکتوبر کو چھڑی کے ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: پی اے

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم زائد العمری کے باعث چلتے وقت چھڑی کا سہارا لینے لگ گئیں اور انہیں پہلی مرتبہ 12 اکتوبر کو چھڑی کے سہارے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق 95 سالہ ملکہ برطانیہ کو 12 اکتوبر کو لندن کے رائل چرچ ویسٹ منسٹر ایبے میں رائل فوج کی سماجی تنظیم ’رائل برٹش لیجن‘ کی صد سالہ تقریب میں شرکت کے دوران چھڑی استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

چرچ میں ہونے والی تقریب کی شاہی خاندان کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ملکہ برطانیہ کو سیاہ رنگ کی چھڑی کے ساتھ چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملکہ برطانیہ کو ان کی بڑی صاحبزادی چلنے کے دوران سہارے کے لیے چھڑی دیتی ہیں۔

ملکہ برطانیہ نے پہلی بار عوامی تقریب میں چھڑی کا استعمال کیا—فوٹو: ٹوئٹر
ملکہ برطانیہ نے پہلی بار عوامی تقریب میں چھڑی کا استعمال کیا—فوٹو: ٹوئٹر

خبر رساں اداروں کے مطابق ملکہ برطانیہ چرچ میں ہونے والی تقریب کے دوران روایتی دروازے کے بجائے دوسرے دروازے سے داخل ہوئیں اور انہوں نے وہاں موجود افراد سے مصافحہ بھی کیا۔

یہ پہلا موقع تھا کہ ملکہ برطانیہ کو عوامی تقریب میں چلنے کے دوران چھڑی کا سہارا لیتے ہوئے دیکھا گیا، عام طور پر وہ بغیر کسی سہارے کے چلتی تھیں۔

اس سے قبل آخری مرتبہ 18 سال قبل 2003 میں ملکہ برطانیہ کو اس وقت چلنے کے دوران چھڑی استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جب ان کے گھٹنے کی سرجری ہوئی تھی۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی عمر 95 برس ہے اور وہ زائد العمری کے باوجود متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

وہ برطانیہ کی ایک ہزار سالہ شاہی تاریخ کی پہلی ملکہ بھی ہیں، جو اب تک سب زیادہ عہدے پر براجمان رہی ہیں۔

الزبتھ دوئم اگست 2015 میں برطانیہ کے شاہی تخت پر سب سے طویل عرصے تک براجمان رہنے والی ملکہ بنی تھیں، انہیں تخت پر بیٹھے ہوئے 70 سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے۔

ملکہ برطانیہ نے فروری 1952 میں والد کی وفات کے بعد تخت سنبھالا تھا، ان کے شوہر شہزادہ فلپس 99 سال کی عمر میں رواں برس اپریل میں چل بسے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024