• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

معروف ہدایت کار نے نامناسب ’آڈیشن‘ کا مطالبہ کیا، ماڈل حرا خان کا دعویٰ

شائع October 13, 2021
ہدایت کار نے آڈیشن میں ڈانس کا مطالبہ کیا، ماڈل —فوٹو: انسٹاگرام
ہدایت کار نے آڈیشن میں ڈانس کا مطالبہ کیا، ماڈل —فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ حرا خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایک معروف ہدایت کار نے ڈرامے کی کہانی اور ان کا کردار بتائے بغیر ان سے نامناسب ’آڈیشن‘ کا مطالبہ کیا۔

حرا خان نے انسٹاگرام پر معروف ہدایت کار کے ساتھ کی گئی مبینہ مسیجنگ چیٹ کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ہدایت کار سے ان کا رابطہ ایک سینئر اداکارہ نے کروایا تھا۔

حرا خان نے انسٹاگرام پر متعدد اسکرین شاٹش شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ شب انہیں ماضی کی ایک مقبول اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک معروف ہدایت کار کو ماڈل کو کام دینے کے لیے کہا ہے۔

ماڈل نے لکھا کہ جب ان کا مذکورہ ہدایت کار سے رابطہ ہوا تو وہ ان سے 20 منٹ تک فون پر گفتگو کرنے کےباوجود یہ سمجھ نہیں پائیں کہ وہ کیا کہنا چاہتے ہیں، کیوں کہ ہدایت کار ان سے نجی جگہ پر قابل اعتراض لباس و انداز میں ڈانس اور کیٹ واک کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔

حرا خان کے مطابق وہ مذکورہ ہدایت کار کی جانب سے ڈانس اور کیٹ واک کے مطالبے پر حیران رہ گئیں، کیوں کہ وہ اچھے ڈائریکٹر تھے اور انہیں ان سے یہ توقع نہ تھی۔

ماڈل نے دعویٰ کیا کہ ہدایت کار نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے ڈانس اور کیٹ واک کے ’آڈیشن‘ کی ویڈیوز کسی کو نہیں دکھائی جائیں گی، وہ صرف پروڈیوسر اور کاسٹنگ کی ٹیم تک محدود رہیں گی۔

حرا خان نے مزید بتایا کہ انہوں نے ڈائریکٹر سے فون پر بات کرنے کے بعد ثبوت کے طور پر ان سے مسیجنگ میں چیٹ کی تاکہ وہ دنیا کو کچھ ثبوت دکھا سکیں۔

ماڈل نے لکھا کہ عام طور پر ایسی باتوں پر یقین نہیں کیا جاتا اور یہ بھی سچ تھا کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا کہ ڈائریکٹر نے ان سے نامناسب مطالبہ کیا ہے، اس لیے انہوں نے ہدایت کار سے مسیجنگ چیٹ کی۔

ماڈل نے ہدایت کار کے ساتھ مبینہ مسیجنگ میں کی گئی چیٹ کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ہدایت کار کی جانب سے ماڈل سے کسی نامناسب ’آڈیشن‘ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مبینہ مسیجنگ چیٹ کے مطابق ماڈل ہدایت کار کو بتا رہی ہیں کہ انہوں نے فون پر قابل اعتراض لباس میں ’آڈیشن‘ کا مطالبہ کیا جو کہ وہ پورا کرنے کو تیار نہیں۔

مسیجنگ چیٹ کے اسکرین شاٹ میں پڑھا جا سکتا ہے کہ حرا خان ہدایت کار کو بتا رہی ہیں کہ آپ نے فون پر مختصر لباس میں نجی طور پر ’آڈیشن‘ کا مطالبہ کیا اور اب دوسری بات کر رہے ہیں۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس میں پڑھا جا سکتا ہے کہ ہدایت کار ان سے نارمل ’آڈیشن‘ کا بھی پوچھ رہے ہیں اور ساتھ ہی کہہ رہے ہیں کہ اگر ماڈل نارمل انداز میں بھی ’آڈیشن‘ نہیں دینا چاہتیں تو پھر ان کی مرضی۔

حرا خان نے جس مسیجنگ چیٹ کے اسکرین شاٹ شیئر کیے، ان میں فون نمبر بھی صاف دکھائی دے رہا ہے، تاہم اس مبینہ چیٹ میں کسی ہدایت کار کا نام واضح نہیں ہوتا اور نہ ہی ماڈل نے کسی ڈائریکٹر کا نام بتایا۔

حرا خان کی جانب سے نامناسب ’آڈیشن‘ کے مطالبے کی پوسٹ شیئر کیے جانے کے بعد ماڈل و اداکارہ زویا ناصر سمیت گلوکار و ماڈل عمر شہزاد نے بھی ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ پیش آئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

دونوں شخصیات کے علاوہ دیگر افراد نے بھی حرا خان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

حرا خان نے اپنی پوسٹ میں نہ تو ہدایت کار کا نام بتایا اور نہ ہی اس اداکارہ کا نام بتایا، جنہوں نے مذکورہ ڈائریکٹر کو ماڈل کو کام دینے کا کہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024