ہونڈا کی نئی سی جی 125 پاکستان میں '55 تبدیلیوں' کے ساتھ پیش
اٹلس ہونڈا نے اگست 2021 کے آخر میں اپنی مقبول ترین موٹر سائیکل سی ڈی 70 کا 2022 کا ماڈل پاکستان میں '101 نئی تبدیلیوں' کے ساتھ متعارف کرایا تھا اور اب سی جی 125 کو پیش کردیا گیا ہے۔
پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ نئے ماڈل میں صرف اسٹیکرز کو ہی تبدیل نہیں کیا گیا بلکہ فریم اور انجن میں بھی متعدد اپ ڈیٹس کی گئی ہیں۔
سی جی 125 کی مکمل باڈی میں مجموعی طور پر 55 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں فرنٹ ٹائر، پیٹرول ٹینک، سیٹ، ریئر سیٹ، سائیلنسر، بریک اور گیئر باکس قابل ذکر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی موٹر سائیکل میں 2 اہم ترین تبدیلیاں بیئرنگ، ریڈیل بال اور ڈرم گیئر شفٹ میں کی گئی ہیں۔
نئے بیئرنگ کا ڈیزائن پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے جبکہ زیادہ لوڈ کی گنجائش اور ہموار آپریشن کو یقینی بنایا گیا ہے۔
اسی طرح ڈرم گیئر شفٹ کا نیا ڈیزائن بھی ہموار گیئر شفٹنگ کے لیے بائیک کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نئے گیئر شفٹ سے فریکشن کم ہوگا اور بائیک کی افادیت بڑھ جائے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نئی سی جی 125 آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں ڈیلرز کے پاس پہنچنے کا امکان ہے۔
جہاں تک قیمت کی بات ہے تو کمپنی نے نئی موٹر سائیکل کو پرانے ماڈل کی قیمت پر ہی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یعنی دستیاب ہونے کے بعد یہ نئی بائیک ایک لاکھ 47 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہوگی۔
خیال رہے کہ یکم اکتوبر کو ہی اٹلس ہونڈا نے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا اور سی جی 125 کی قیمت میں 5 ہزار روپے اضافہ کیا گیا تھا۔