• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

امیتابھ بچن کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے، سلیم خان

شائع October 12, 2021 اپ ڈیٹ October 13, 2021
سلیم خان نے امیتابھ بچن کے ساتھ پہلی بار 1973 میں بننے والی فلم ’زنجیر‘ میں کام کیا تھا —فائل فوٹوز: فیس بک
سلیم خان نے امیتابھ بچن کے ساتھ پہلی بار 1973 میں بننے والی فلم ’زنجیر‘ میں کام کیا تھا —فائل فوٹوز: فیس بک

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کے والد اور معروف اسکرپٹ رائٹر سلیم خان نے ’بِگ بی’ کہلائے جانے والے لیجنڈری اداکار سے متعلق کہا ہے کہ امیتابھ بچن کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے۔

خیال رہے کہ سلیم خان اور امیتابھ بچن نے 10 سے زائد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی اخبار دینک بھاسکر کو دیے گئے انٹرویو میں سلیم خان نے کہا کہ امیتابھ بچن کو اب ریٹائر ہوجانا چاہیے، انہوں نے اپنی زندگی میں وہ سب حاصل کرلیا ہے جو انہیں کرنا چاہیے تھا اور اب انہیں زندگی کے چند سال خود کو بھی دینے چاہئیں۔

مزید پڑھیں: امیتابھ بچن کا کورونا فنڈ کے لیے 2 کروڑ روپے کا عطیہ

سلیم خان نے کہا کہ امیتابھ بچن نے پیشہ ورانہ طور پر شاندار اننگز کھیلیں، انہوں نے بہت اچھا کام کیا لہذا اب انہیں اس دوڑ سے خود کو باہر کردینا چاہیے اور ریٹائر ہوجانا چاہیے۔

سلیم خان اور امیتابھ بچن نے 10 سے زائد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سلیم خان اور امیتابھ بچن نے 10 سے زائد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سلیم خان نے پھر وضاحت کی کہ ریٹائرمنٹ کا نظام موجود ہے تاکہ ایک شخص اپنی خواہشات کے مطابق زندگی کے چند سال گزار سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے ابتدائی سال تعلیم حاصل کرنے اور چیزوں کو سیکھنے میں گزر جاتے ہیں، پھر آپ پر خاندان کی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔

سلیم خان نے کہا کہ مثال کے طور پر، میری دنیا اب محدود ہے، جن لوگوں کے ساتھ میں واک کرتا ہوں ان کا سب کا تعلق فلمی دنیا سے نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’امیتابھ بچن ہیرو تھے جنہوں نے اینگری ینگ مین کا کردار بخوبی نبھایا، وہ اب بھی ہیں’۔

سلیم خان کا کہنا تھا کہ اب امیتابھ جیسے اداکار کے لیے کہانیاں نہیں ہیں، ہماری فلمیں تکینکی طور پر بہتر ہوئی ہیں، اس کے علاوہ موسیقی اور ایکشن میں بھی بہتری آئی ہے لیکن ہمارے پاس اچھے اسکرپٹس نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز، سرجری کیلئے ہسپتال منتقل

سلیم خان نے امیتابھ بچن کے ساتھ پہلی مرتبہ 1973 میں بننے والی فلم ’زنجیر‘ میں کام کیا تھا کہ جس کی کاسٹ میں پران اور جیا بچن بھی شامل تھے۔

گزشتہ روز امیتابھ بچن  نے اپنی 79ویں سالگرہ منائی—فائل فوٹو:ا ے پی
گزشتہ روز امیتابھ بچن نے اپنی 79ویں سالگرہ منائی—فائل فوٹو:ا ے پی

امیتابھ بچن اور سلیم خان ‘شعلے‘، ’دیوار‘، ’مجبور‘، ’ڈان‘ ، ’ترشول’، ’کالا پتھر‘ اور ’دوستانہ’ جیسی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔

خیال رہے کہ امیتابھ بچن نے گزشتہ روز 11 اکتوبر کو اپنی 79ویں سالگرہ منائی اور مداحوں کی جانب سے بگ بی کو جنم دن کی مبارکباد بھی دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024