• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بچے کی پیدائش

شائع October 11, 2021
بختاور بھٹو زرداری نے جنوری 2021 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
بختاور بھٹو زرداری نے جنوری 2021 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس جنوری میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

بختاور بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ ان کے ہاں 10 اکتوبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

آصف علی زرداری کی صاحبزادی 31 جنوری 2021 کو پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، ان کی شادی کی تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہی تھیں۔

بختاور بھٹو زرداری کا نکاح 29 جنوری 2021 کو ہوا تھا—فوٹو: بختاور بھٹو انسٹاگرام
بختاور بھٹو زرداری کا نکاح 29 جنوری 2021 کو ہوا تھا—فوٹو: بختاور بھٹو انسٹاگرام

بختاور بھٹو کے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر 10 اکتوبر کی شام ساڑھے پانچ بجے کی گئی پوسٹس میں تصدیق کی گئی کہ سابق صدر کی صاحبزادی کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

مختصر پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بچے کی پیدائش کہاں ہوئی اور اب والدہ و بچہ کیسے ہیں لیکن بتایا گیا کہ ننھے مہمان کی آمد 10 اکتوبر کو ہوئی۔

بختاور بھٹو نے 10 اکتوبر کی صبح 10 بجے ہی مبہم انداز میں اپنے ہاں بچے کی پیدائش کی پوسٹ کی تھی—اسکرین شاٹ
بختاور بھٹو نے 10 اکتوبر کی صبح 10 بجے ہی مبہم انداز میں اپنے ہاں بچے کی پیدائش کی پوسٹ کی تھی—اسکرین شاٹ

اگرچہ بختاور بھٹو نے اپنے ہاں بچے کی پیدائش سے متعلق شام ساڑھے پانچ بجے ٹوئٹ کی لیکن انہوں نے انسٹاگرام پر صبح 10 بجے ہی مبہم انداز میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔

بختاور بھٹو زرداری نے صبح 10 بجے انسٹاگرام اسٹوری میں پھولوں کے ساتھ 10 اکتوبر کے دن کی تاریخ شیئر کی تھی اور بعد ازاں شام کو ساڑھے پانچ بجے اسی تصویر کے ساتھ اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کی۔

بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بہن کا ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ آفیشلی ماموں بن گئے‘۔

بلاول کی طرح بختاور کی چھوٹی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے خالہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔

بختاور بھٹو زرداری کے ہاں بیٹے کی پیدائش پر انہیں کئی شخصیات نے مبارک باد دی اور ان کے بیٹے کے لیے بھی دعائیں کیں۔

آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی کی منگنی 27 نومبر 2020 کو کی گئی تھی اور ان کی شادی کی مرکزی تقریبات کا آغاز ان کے جنم دن یعنی 27 جنوری سے شروع ہوا تھا اور وہ 31 جنوری 2021 کو پیا گھر سدھار گئی تھیں۔

بختار بھٹو زرداری سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی ہیں لیکن وہ اپنے بھائی بلاول بھٹو سے کم عمر ہیں۔

مزید پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری کی نئی زندگی کا آغاز

بختاور بھٹو زرداری کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ایسے وقت میں پیدا ہوئیں جب کہ ان کی والدہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان تھیں۔

یوں بختاور بھٹو زرداری حاضر سروس وزیر اعظم کے ہاں پیدا ہونے والی دنیا کی پہلی بچی کا اعزاز بھی رکھتی ہیں، ان کی پیدائش پر اس وقت بینظیر بھٹو نے وزارت عظمیٰ سے چھٹیاں لی تھیں۔

بختاور بھٹو کی شادی بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
بختاور بھٹو کی شادی بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

ان کے شوہر محمود چوہدری صنعت کار محمد یونس اور بیگم ثریا چوہدری کے بیٹے ہیں جن کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے، تاہم وہ کئی برس سے دبئی میں مقیم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کیلئے مقامی فنکار مدعو

محمد یونس 1973 میں متحدہ عرب امارات منتقل ہوئے تھے جہاں انہوں نے اپنی محنت کے ذریعے تعمیراتی اور ٹرانسپورٹ کی صنعت میں کاروبار کیا۔

محمود چوہدری 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں اور 28 جولائی 1988 کو ابوظبی میں پیدا ہوئے تھے۔

شادی کے بعد بختاور بھٹو دبئی منتقل ہوگئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شادی کے بعد بختاور بھٹو دبئی منتقل ہوگئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024