• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کووڈ-19 ایس او پیز: محفل میلاد میں شریک علما، نعت خوانوں کیلئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار

شائع October 11, 2021
ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالیں جائیں گے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالیں جائیں گے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں محفل میلاد اور سیرت کانفرنسز کے انعقاد کے لیے کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان تقریبات میں شرکت کرنے والے علما اور نعت خوانوں کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں زور دیا گیا کہ دوران محفلِ میلاد یا سیرت کانفرنس ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: این سی او سی کا کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں سے رابطے کا فیصلہ

علاوہ ازیں این سی او سی نے اپنے بیان میں سرکاری اور نجی میڈیا ہاؤسز کو براہ راست نشریات کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ براہ راست نشریات کی صورت میں زیادہ سے زیادہ افراد گھروں میں رہ کر محافل میں شرکت کر پائیں گے۔

بیان میں چاروں صوبوں کے متعلقہ حکام کو مخاطب کرکے کہا گیا کہ 10 ویں ربیع الاول کو خصوصی ویکسینیشن کیمپوں کا قیام عمل میں لا کر محفل میں شرکت کرنے والے افراد کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

این سی او سی کے مطابق محفل میلاد یا سیرت کانفرنسز کے انعقاد کرنے والی انتظامیہ جلسہ گاہ کی جگہ کھلی اور کشادہ رکھے جبکہ وینٹیلیشن کے بہتر انتظام کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں 6 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی ہے، اسد عمر

جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ 6 فٹ سماجی فاصلے کو لازمی برقرار رکھا جائے اور مسجد / پنڈال انتظامیہ سماجی فاصلے کے نشانات کو واضح کرے۔

این سی او سی نے زور دیا کہ جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر تمام افراد کی تھرمل اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے جبکہ ماسک کی دستیابی اور داخلی دروازوں پر سینیٹائزر یا ہاتھ دھونے کا انتظام ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ڈیسک قائم کیے جائیں اور کھانسی، فلو / بخار کی علامات والے افراد کی پنڈال میں عدم شرکت کو یقینی بنائیں اور پنڈال میں ہجوم کی بھگ دھڑ سے بچنے کے لیے صرف پیکڈ فوڈ شرکا میں تقسیم کیے جائیں۔

مزید پڑھیں: فیس ماسک کے بغیر 2 میٹر کی دوری کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ناکافی قرار

این سی او سی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ صرف لائسنس یافتہ/ روایتی جلوسوں کو کووڈ ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ اجازت دی جائے اور مقدس اشیا کو چھونے، چومنے یا گلے لگانے سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے آرگنائزنگ کمیٹیز کو جلوسوں کے دوران حکومتی ہدایت پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے رضاکاروں کی خدمات کو بروے کار لانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024