سندھ بھر میں 12 ربیع الاول کو ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان
حکومت سندھ نے 19 اکتوبر (12 ربیع الاول) کو صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کی طرف سے یکم اکتوبر 2021 کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ ربیع الاول کے دوران امن و امان کے خدشات کے حوالے متعدد خطرات موجود ہیں۔
رینجرز کا کہنا تھا کہ ان تھریٹ الرٹس کے باعث ضروری ہے کہ دفعہ 144 کے تحت 12 ربیع الاول کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جائے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت اس بات سے مطمئن ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چاند نظر آنے کا اعلان، 12 ربیع الاول 19 اکتوبر کو ہوگی
لہٰذا حکومتِ سندھ نے دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں 19 اکتوبر (12 ربیع الاول) کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم خواتین، 12 سال سے کم عمر بچوں، عمر رسیدہ افراد، قانون نافذ کرنے والے/سیکیورٹی اداروں کے اہلکار، ضروری خدمات کے ملازمین اور صحافی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا۔
ملک بھر سے ملنے والی اطلاعات کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے، یکم ربیع الاول کل 8 اکتوبر (بروز جمعہ) کو ہوگی اور عید میلاد النبی ﷺ 19 اکتوبر بروز منگل کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔