• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک انتقال کر گئے

شائع October 11, 2021
ملک پرویز کا شمار مسلم لیگ (ن) کے جاں نثار اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا —تصویر: پی ایم این ٹوئٹر
ملک پرویز کا شمار مسلم لیگ (ن) کے جاں نثار اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا —تصویر: پی ایم این ٹوئٹر

مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

پرویز ملک خاصے طویل عرصے سے علیل تھے اور آج دل کا دورہ پڑنے پر انتقال کرگئے۔

بیماری کے باعث ملک پرویز نے مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے معذرت کرلی تھی لیکن قیادت کی ہدایت پر وہ تنظیمی معاملات کی نگرانی کررہے تھے۔

ملک پرویز کا شمار مسلم لیگ (ن) کے جاں نثار اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا وہ متعدد مرتبہ پارٹی کی ٹکٹ پر لاہور کے مختلف حلقوں سے رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

اس کے علاوہ پرویز ملک لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بھی رہے جبکہ ان کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک اور بیٹا علی پرویز ملک بھی رکن قومی اسمبلی ہیں۔

مرحوم نے آج ڈاکٹر عبد القدیر خان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کا بھی انتظام کر رکھا تھا۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر اور ان کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا کہ پرویز ملک کو دل کا دورہ پڑنے پر اکرم میڈیکل کیمپلکس لے جایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور صدر شہباز شریف نے پرویز ملک کے انتقال پر افسوس کاا ظہار کیا اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

دوسری جانب وفاقی وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی نفیس ملنسار اور محبت کرنے والے شخص تھے۔

پرویز ملک پانچ مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جبکہ 10 سال سے زائد مسلم لیگ لاہور کے صدر بھی رہے، اس کے علاوہ اس وقت مسلم لیگ (ن) پاکستان کے فنانس سیکریٹری بھی تھے۔

مزید پڑھیں: سابق صدر ممنون حسین کراچی میں انتقال کر گئے

انہوں نے پہلی مرتبہ 1997 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر الیکشن جیتا، اس کے بعد سال 2002 کے عام انتخابات میں معرکہ مارا، بعدازاں وہ 2010 کے ضمنی الیکشن اور سال 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنما پرویز ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پارٹی آج ایک نہایت قابل، وفادار، بہادر، مخلص رہنما اور نہایت اچھے انسان سے محروم ہو گئی ہے، پرویز ملک ایک مخلص بھائی، دوست اور ساتھی تھے، ان کی رحلت بڑا نقصان ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ان کی وابستگی، وفاداری اور محبت و اعتماد کا تعلق مثالی رہا، ملک، جمہوریت اور عوام کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ پارٹی کا قیمتی سرمایہ تھے، ان کی کمی پوری نہیں ہو سکے گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024