• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

اشرف غنی کے خلاف 16 کروڑ ڈالر چوری کا الزام، ان کے ہی محافظ نے تصدیق کردی

شائع October 11, 2021
اشرف غنی نے تاہم اس الزام کی تردید کی ہے کہ وہ چار کاروں اور 169 ملین ڈالر سے بھرے ہیلی کاپٹر کے ساتھ کابل سے روانہ ہوئے۔ - فائل فوٹو:اے پی
اشرف غنی نے تاہم اس الزام کی تردید کی ہے کہ وہ چار کاروں اور 169 ملین ڈالر سے بھرے ہیلی کاپٹر کے ساتھ کابل سے روانہ ہوئے۔ - فائل فوٹو:اے پی

واشنگٹن: سابق افغان صدر اشرف غنی کی سیکیورٹی عملے کے ایک سینئر رکن نے امریکا کی سرکاری ایجنسی کے دعوے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس مبینہ چوری کے ویڈیو شواہد موجود ہیں۔

امریکی ایجنسی نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق افغان صدر کابل سے فرار ہوتے وقت اپنے ساتھ 16 کروڑ 90 ڈالر لے گئے تھے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل پیراز عطا شریفی، جنہوں نے اشرف غنی کے محافظوں کی سربراہی کی تھی، نے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے نہ صرف نقد رقم کے بھاری بیگ منتقل ہوتے دیکھے بلکہ ایک سی سی ٹی وی کیمرے سے ایک ویڈیو کلپ بھی حاصل کی۔

طالبان کو تفتیش کے لیے مطلوب عطا شریفی نے ڈیلی میل آن لائن کو افغانستان میں خفیہ مقام سے بتایا کہ ’میرا کام صدر کے آنے سے قبل وزارت میں پہرہ دینے والے سپاہیوں کو غیر مسلح کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: اشرف غنی اپنے ساتھ 16 کروڑ 90 لاکھ ڈالر لے گئے، افغان سفیر

واضح رہے کہ طالبان نے ان کی گرفتاری پر 10 لاکھ افغانی کرنسی کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم وہاں صدر کا انتظار کر رہے تھے تاہم پھر مجھے فون آیا کہ وزارت دفاع میں آنے کے بجائے صدر ایئرپورٹ پر چلے گئے، وزیر دفاع بھاگ چکے تھے اور میرے باس نے بھی ایسا ہی کیا اور اشرف غنی کے تمام قریبی خاندان کے افراد اور ساتھی نے بھی ایسا ہی کیا‘۔

عطا شریفی نے دعویٰ کیا کہ ’میرے پاس (محل سے) ایک (سی سی ٹی وی) ریکارڈنگ ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ افغان بینک کا ایک فرد اشرف غنی کے جانے سے پہلے بہت سارے پیسے لے کر آیا، کروڑوں، شاید اربوں ڈالر، بہت بڑے بیگ تھے اور وہ بھاری تھے‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ مایوس تھے کیونکہ وہ اشرف غنی کو پسند کرتے تھے، یہ رقم کرنسی ایکسچینج مارکیٹ کے لیے تھی اور ہر جمعرات کو ڈالر اس مقصد کے لیے لائے جاتے تھے تاہم اس کے بجائے اسے صدر نے رکھ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اشرف غنی جانتے تھے کہ آخر کیا ہوگا چنانچہ انہوں نے سارے پیسے لیے اور فرار ہو گئے‘۔

اشرف غنی نے تاہم اس الزام کی تردید کی ہے کہ وہ چار کاروں اور 169 ملین ڈالر سے بھرے ہیلی کاپٹر کے ساتھ کابل سے روانہ ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خونریزی سے بچنے کے لیے انہوں نے افغانستان چھوڑ دیا، ان کی اچانک روانگی نے طالبان کو امریکی فوج کے انخلا سے دو ہفتے قبل کابل پر قبضہ کرنے کے قابل بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: اشرف غنی نے افغان قوم سے معافی مانگ لی

رواں ہفتے کے آغاز میں افغانستان میں امدادی رقم کے غلط استعمال کی تحقیقات کے انچارج امریکی حکومت کے انسپکٹر جنرل نے کانگریس کو بتایا کہ وہ اس دعوے کو ’دیکھ رہے ہیں‘ کہ اشرف غنی اور ان کے ساتھیوں نے فرار ہونے سے قبل لاکھوں ڈالر چوری کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ابھی تک یہ ثابت نہیں کیا ہے، ہم اس پر غور کر رہے ہیں، یہ الزامات ہیں نہ صرف صدر اشرف غنی پر بلکہ ان کی وزارت خزانہ، ان کے مرکزی بینک اور کئی دیگر وزارتوں کے سینئر عہدیداروں پر لاکھوں ڈالر لے جانے کے الزامات ہیں‘۔

گزشتہ مہینے وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جین ساکی نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ابھی تک ان کے پاس اشرف غنی کے اس چوری میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے تاہم بائیڈن انتظامیہ اقوام متحدہ کو ان الزامات کی تحقیقات کرنے دے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024