• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

اسلام آباد: ڈاکٹر عبدالقدیر خان سرکاری اعزاز کے ساتھ ایچ 8 قبرستان میں سپردِ خاک

شائع October 10, 2021
محسنِ پاکستان کی نمازِ جنازہ  فیصل مسجد میں ادا کی گئی — فوٹو: ڈان نیوز
محسنِ پاکستان کی نمازِ جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی اور محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔

نامور پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل علالت کے بعد آج (10 اکتوبر کی) صبح 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

قبل ازیں ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی گئی تھی۔

ان کی تدفین اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں کی گئی— فوٹو: ڈان نیوز
ان کی تدفین اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں کی گئی— فوٹو: ڈان نیوز

ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کی امامت پروفیسر ڈاکٹر محمد الغزالی نے کی جس میں قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے علاوہ سول و ملٹری حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈان نیوز کے مطابق جنازے کے وقت اسلام آباد میں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث عوام کو جنازہ گاہ پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس کے باوجود عوام کی بڑی تعداد اپنے قومی ہیرو کو الوداع کہنے کے لیے فیصل مسجد پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین فیصل مسجد کے احاطے میں کی جائے گی، وزیراعظم

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جسدِ خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا اور نماز جنازہ سے قبل انہیں پاک فوج کے دستے کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی۔

بارش کے باوجود عوام نے بڑی تعداد میں نمازِ جنازہ میں شرکت کی—فوٹو: اے پی
بارش کے باوجود عوام نے بڑی تعداد میں نمازِ جنازہ میں شرکت کی—فوٹو: اے پی

اس موقع پر فیصل مسجد کے اطراف اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نماز جنازہ میں شرکت کے لیے وفاقی دارالحکومت کے قریبی شہروں سے بھی عوام کی بڑی تعداد پہنچی جبکہ کچھ شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

علاوہ ازیں بہاولپور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی امامت میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر کی نمازِ جنازہ ادا ہونے کے بعد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کی نماز جنازہ میں آمد سے معلوم ہورہا ہے کہ یہ قوم اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتی۔

تاہم اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر کی تدفین کچھ تاخیر کے بعد کی گئی۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل عرصے سے علیل تھے اور طبیعت بگڑنے پر انہیں آج صبح ہی اسلام آباد کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

محسن پاکستان کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا — فوٹو: ڈان نیوز
محسن پاکستان کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے تمام اراکین کو محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی ہدایت کی تھی۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تدفین فیصل مسجد کے احاطے میں کی جائے گی، وزیراعظم

اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ سمیت بحریہ اور فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی نماز جنازہ میں شریک ہوں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ معروف سائنسدان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا تاہم ان کے اہلِ خانہ کی خواہش پر اسلام آباد کے سیکٹر ایف-8 میں ڈاکٹر عبدالقدیر کی تدفین کی گئی۔

محسنِ پاکستان کے انتقال پر حکومت پاکستان کی جانب سے قومی پرچم بھی سرنگوں رکھا گیا ہے۔

ان کی وفات پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سمیت سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار بھی کیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا مختصر تعارف

وہ 27 اپریل 1936 کو متحدہ ہندوستان کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے اور برصغیر کی تقسیم کے بعد 1947 میں اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آگئے تھے۔

انہوں نے اپنی ان تھک محنت اور بے لوث جذبے سے قلیل مدت میں یورینیم افزودگی کا وہ کارنامہ سرانجام دیا جو بظاہر ناممکن نظر آتا تھا۔

حکومت پاکستان نے 14 اگست 1996 کو انہیں نشانِ امتیاز سے نوازا تھا—فائل فوٹو: اے پی
حکومت پاکستان نے 14 اگست 1996 کو انہیں نشانِ امتیاز سے نوازا تھا—فائل فوٹو: اے پی

نیوکلیئر فزکسٹ اور میٹلرجیکل انجینئر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملکی دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے یورپی ملک ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس جب کہ بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئرنگ کی ڈگریز حاصل کیں۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے بعد وطن واپسی پر 1976 میں انجینئرنگ ریسرچ لیبارٹریز میں شمولیت اختیار کی، جس کا 1981 میں جنرل ضیاءالحق نے نام تبدیل کرکے ’ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز‘ رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: روبہ صحت ہوں، عوام افواہوں سے پریشان نہ ہو، ڈاکٹر عبدالقدیر

انہوں نے متعدد مرتبہ اعتراف کیا کہ پاکستان میں ایٹمی پروگرام سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا، جنہیں مختلف حکمرانوں نے آگے بڑھایا۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ایک درجن سے زائد طلائی تمغے بھی حاصل کیے—فائل فوٹو: اے پی
انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ایک درجن سے زائد طلائی تمغے بھی حاصل کیے—فائل فوٹو: اے پی

ڈاکٹر عبدالقدیر کی سربراہی میں ہی پاکستان نے بھارتی ایٹم بم کے تجربے کے جواب میں مئی 1998 میں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوران کامیاب ایٹمی تجربہ کرکے دنیا میں نیا اعزاز حاصل کیا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے 14 اگست 1996 کو پاکستان کا سب سے بڑا سِول اعزاز نشانِ امتیاز جبکہ 1989 میں ہلال امتیاز کا تمغہ بھی عطا کیا تھا۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ایک درجن سے زائد طلائی تمغے بھی حاصل کیے جب کہ انہیں متعدد ملکی و عالمی خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم اور کابینہ کے کسی رکن نے خیریت دریافت نہیں کی، ڈاکٹر عبدالقدیر کا اظہارِ افسوس

ان کی خدمات کے عوض 1993 میں انہیں کراچی یونیورسٹی نے ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی سند بھی دی تھی جب کہ ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال میں ان کے نام سے سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کئی تنازعات کا شکار ہوئے، پہلے ان پر ہالینڈ سے ایٹمی معلومات چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا، جس سے وہ باعزت بری ہوئے تو 2004 میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں ایک دفعہ پھر حساس معلومات دوسرے ممالک کو فراہم کرنے کی چارج شیٹ لگادی گئی، جس پر انہیں اپنے گھر میں نظر بندی کا سامنا کرنا پڑا۔

اگرچہ عدالت اور عوامی رد عمل پر ان کی نظربندی کچھ عرصے بعد ختم کردی گئی تھی، مگر اس کے باوجود ملک کے یہ نامور سپوت گوشہ نشینی کی زندگی گزارتے رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں

الیاس انصاری Oct 10, 2021 03:41pm
وزیراعظم نے نماز جنازہ میں شرکت کی یا نہیں ؟
Sheri Oct 10, 2021 03:54pm
SALAAM to great Hero. Dr. Abdul Qadeer.

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024