ہنی سنگھ و اہلیہ صلح نہیں کر رہے تو ان کے کیس کی سماعت سرعام ہوگی، عدالت
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی مقامی عدالت نے کہا ہے کہ گلوکار یو یو ہنی اور ان کی اہلیہ شالنی تلوار گھریلو تشدد کیس میں صلح نہیں کر رہے تو ان کے کیس کی سماعت سرعام ہوگی۔
ہنی سنگھ پر اہلیہ شالنی تلوار نے رواں برس اگست میں نئی دہلی کی عدالت میں گھریلو تشدد، جنسی استحصال اور دوسری خواتین سے جنسی تعلقات استوار کرنے کے الزامات دائر کرتے ہوئے ان پر 20 کروڑ ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
مذکورہ کیس کی ستمبر کے وسط میں ہونے والی سماعت میں نئی دہلی کی عدالت نے دونوں کو صلح کا مشورہ دیا تھا مگر دونوں کے درمیان معاملات طے نہ ہوپانے پر اب عدالت نے مزید حکم نامہ جاری کردیا۔
’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق شالنی تلوار کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے خاتون جج نے کہا کہ اگر دونوں میاں و بیوی صلح نہیں کر رہے تو ان کے کیس کی سماعت سرعام ہوگی، تاہم اس کے لیے دونوں فریقین کی رضامندی معلوم کی جائے گی۔
مذکورہ کیس کی 28 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں خاتون جج تانیا سنگھ نے دونوں فریقین کے وکلا کو ہدایت کی کہ وہ دونوں کی سرعام سماعت سے متعلق رضامندی حاصل کریں۔
عدالت نے مختصر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ ہنی سنگھ اور شالنی تلوار کے درمیان تنازع صلح کے درمیان حل نہیں ہوا ہے تو اب ان کے کیس کی سماعت کمرہ عدالت میں ہوگی، اب تک مذکورہ کیس کی سماعت خاتون جج کے ذاتی چیمبر میں ہوتی آرہی تھی۔
عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کو موکلین کی رضامندی کے کاغذات جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیں: ہنی سنگھ پر اہلیہ نے گھریلو تشدد و جنسی استحصال کا مقدمہ کردیا
یہ واضح نہیں ہے کہ اب دونوں کے کیس کی سماعت کب ہوگی، تاہم امکان ہے کہ اکتوبر کے اختتام یا پھر نومبر کے آغاز میں ان کی سماعت ہوگی۔
اس سے قبل عدالت نے دونوں فریقین کو اپنے نجی معاملات صلح کے ساتھ حل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے دونوں فریقین کو اپنی مالی معلومات عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا گیا تھا۔
گلوکار کے خلاف اہلیہ نے 2 اگست کو پروٹیکشن آف ویمن فرام ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
مذکورہ کیس کرمنل نہیں بلکہ ہرجانے کا سول مقدمہ ہے اور شالنی تلوار نے شوہر سے 20 کروڑ روپے ہرجانہ دلوانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے، ایسی کوئی رپورٹس نہیں ہیں کہ شالنی تلوار نے ہرجانے کے ساتھ ساتھ طلاق کے لیے بھی درخواست دی ہو۔
ہنی سنگھ نے اہلیہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کیس کا دفاع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ہنی سنگھ اور شالنی تلوار نے جنوری 2011 میں شادی کی تھی اور حالیہ اختلافات سے قبل بظاہر ان کے درمیان کبھی تنازعات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں۔