• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات اچھے انداز میں ہوئے، ایرانی وزیرخارجہ

شائع October 8, 2021
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کے لیے  کوئی شرط نہیں رکھی گئی--فوٹو: رائٹرز
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کے لیے کوئی شرط نہیں رکھی گئی--فوٹو: رائٹرز

ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات 'بہتر انداز' میں ہوئے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ 'ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات ایک اچھے انداز میں ہو ئے ہیں'۔

مزید پڑھیں: ایران، سعودی عرب کے درمیان ابراہیم رئیسی کے تقرر کے بعد پہلی بات چیت

ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے ہونے والی کوششوں کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

قبل ازیں الجزیرہ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے نئے صدر ابراہیم رئیسی کی حکومت کے ساتھ سعودی عرب نے گزشتہ ماہ مذاکرات کیے تھے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ریاض میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا چوتھا دور 21 ستمبر کو ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مذاکرات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ دونوں فریقین کے درمیان مسائل حل کرنے کے لیے بنیاد ہوں گے۔

فیصل بن فرحان نے مذاکرات کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں اور نہ مقام کا بتایا تھا جبکہ ان کے ساتھ موجود یورپی یونین کے عہدیدار نے اس بیان کا خیر مقدم کیا تھا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہوئے تھے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا تھا کہ مذاکرات کے لیے کسی بھی فریق کی جانب سے کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے اور اس وقت توجہ دو طرفہ تعلقات پر دی جارہی ہے تاہم خطے کے مسائل پر بھی بات ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دو عراقی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے تہران میں حلف اٹھانے کے بعد علاقائی حریفوں کے درمیان اس طرح کی پہلی ملاقات ہوئی۔

ایک عراقی عہدیدار کے مطابق گزشتہ ماہ ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے طے شدہ روڈ میپ کے مطابق زیر التوا مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی نمائندگی بھی شامل ہے۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات وزارتی سطح پر نہیں ہوئی لیکن مذاکرات کو مثبت قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024