• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

وزیراعظم کا آئندہ انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین استعمال کرنے پر اصرار

شائع October 8, 2021
عمران خان کا کہنا تھا کہ رواں سال قوم 12 ربیع الاول سے پورے ہفتے عید میلادالنبیﷺ کا جشن منائے گی — فائل فوٹو: وزیر اعظم آفس
عمران خان کا کہنا تھا کہ رواں سال قوم 12 ربیع الاول سے پورے ہفتے عید میلادالنبیﷺ کا جشن منائے گی — فائل فوٹو: وزیر اعظم آفس

وزیر اعظم عمران خان نے اس عزم ظاہر کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات 2023 میں کسی بھی قیمت پر رائے شماری الیکٹرانک ووٹنگ مشینز (ای وی ایم) کے ذریعے ہی کی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والے اگلے عام انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا ووٹ ضرور دیں گے۔

نجی ذرائع نے رابطہ کرنے پر وزیراعظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 'آئندہ عام انتخابات کسی بھی قیمت پر ای وی ایم کے ذریعے ہی کیے جائیں گے اور غیر ملکی پاکستانیوں کو تیار رہنا چاہیے کیونکہ وہ اگلے انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے لیے آگاہی مہم چلانے کی ہدایات

اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ رواں سال قوم پورے ہفتے عید میلادالنبی ﷺ کا جشن منائے گی۔

اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان حکمت عملیوں پر غور کیا گیا جو موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے اپنائی جاسکتی ہیں۔

ملک میں مہنگائی کے بارے میں وزیر اعظم کا خیال تھا کہ دیگر ممالک کے مقابلے ملک میں افراط زر اب بھی کم ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے حلقوں میں ووٹرز کو بین الاقوامی منڈی میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں سے آگاہ کریں۔

مزید پڑھیں: وزارت کی رپورٹ میں ووٹنگ مشین سے متعلق اعتراضات کا جواب دیا ہے، شبلی فراز

وزیراعظم نے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے آگے بڑھنے کی ہدایت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے اعلیٰ عہدیداران کو پنجاب کے حلقوں کا دورہ کرکے اس سلسلے میں تیاریوں کی ہدایت دی۔

بجلی پر سبسڈی سے متعلق اجلاس

ایک علیحدہ اجلاس میں عمران خان کو موسم سرما کے دوران حرارتی مقاصد کے لیے سستے داموں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وفاقی کابینہ اس سے قبل ہی فیصلہ کرچکی ہے کہ صارفین کو موسم سرما کے دوران بجلی پر 7 روپے کا ریلیف دیا جائے گا تاکہ قدرتی گیس کی کھپت کم ہوسکے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے ڈاکٹروں کے ونگ کے وفد سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹروں کی صلاحتیوں کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024