• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

آریان خان کو 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

شائع October 7, 2021
سات اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں شاہ رخ اور ان کی اہلیہ گوری خان موجود نہیں تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
سات اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں شاہ رخ اور ان کی اہلیہ گوری خان موجود نہیں تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے 23 سالہ آریان خان کو ممبئی کی عدالت نے منشیات استعمال کرنے اور رکھنے کے کیس میں مزید 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

آریان خان کو 3 اکتوبر کو بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

نارکوٹس فورس نے آریان خان کو ساتھیوں سمیت 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرکے ابتدائی طور پر ان کا 7 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا جو آج ختم ہونے پر انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا آریان منشیات کیس میں گرفتار

نارکوٹکس فورس نے عدالت سے آریان خان اور ان کے ساتھیوں کو 11 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے بیٹے کو ساتھیوں سمیت عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق ممبئی کی عدالت نے آریان خان سمیت ان کے تمام ساتھیوں کو 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا۔

رپورٹ کے مطابق تمام ملزمان کا عدالتی ریمانڈ ختم ہونے پر اب انہیں مذکورہ عدالت میں نہیں بلکہ نارکوٹکس معاملات دیکھنے والی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بتایا کہ آریان خان اور ان کے ساتھیوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے گا، تاہم وہ ایک رات نارکورٹس فورس کے تھانے میں گزاریں گے اور ان کے کورونا ٹیسٹ کرنے کے بعد انہیں جیل منتقل کیا جائے گا۔

ساتھ ہی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریان خان کے وکلا نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست بھی دائر کی ہے جس پر 8 اکتوبر کو مذکورہ عدالت میں سماعت ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق نارکوٹکس فورس کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ آریان خان اور ان کے ساتھیوں سے تین دن تک کی جانے والی تفتیش میں کئی انکشافات ہوئے، جن کی بنا پر مزید گرفتاریاں کی گئیں اور کچھ غیر ملکی افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آریان خان ساتھیوں سمیت ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے

این سی بی کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی شاہ رخ خان کے بیٹے سمیت تمام ملزمان کو مزید 5 دن کے لیے 11 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے کیا جائے، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ اب مذکورہ کیس منشیات کے کیسز دیکھنے والی خصوصی این ڈی پی عدالتوں میں چلے گا اور تمام ملزمان کا ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریان خان کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست ضمانت پر ممبئی کی کورٹ میں 8 اکتوبر کو سماعت ہوگی اور ممکنہ طور پر انہیں ضمانت مل جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوران سماعت آریان خان کے وکلا نے اپنے موکل کا بیان پڑھ کر سنایا، جس میں شاہ رخ خان کے بیٹے نے بتایا کہ انہیں غلط فہمیوں کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے، انہوں نے منشیات استعمال کرنے والے دیگر ساتھیوں کے ساتھ صرف موبائل فون پر چیٹ کی تھی، جس کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا۔

آریان خان کا میڈیکل ٹیسٹ کروانے کے بعد انہیں دوبارہ 7 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
آریان خان کا میڈیکل ٹیسٹ کروانے کے بعد انہیں دوبارہ 7 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

اپنے بیان میں آریان خان نے گرفتار کیے گئے ساتھی ارباز مرچنٹ سمیت دیگر لوگوں سے دوستی اور تعلقات کا اعتراف کیا، تاہم اس بات سے انکار کیا کہ وہ منشیات استعمال اور اسمگل کرتے رہے ہیں۔

آریان خان کی عدالت میں پیشی اور سماعت کے وقت ان کے والد شاہ رخ خان اور والدہ گوری خان کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھیں، تاہم وہ حالات کا جائزہ لینے پہنچے تھے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ بولی وڈ خان کے بیٹے کو کسی کیس میں پولیس نے گرفتار کیا ہے، اس سے قبل شاہ رخ خان یا ان کے کسی اہل خانہ کو کبھی گرفتار نہیں کیا گیا، البتہ اداکار پر ماضی میں مقدمات درج کروائے جاتے رہے ہیں۔

شاہ رخ خان کے بیٹے سے قبل بھی متعدد بولی وڈ شخصیات کے بچے یا خود کامیاب اداکار منشیات کے استعمال یا دوستوں کے ہمراہ ڈرگس پارٹیاں کرنے کے الزامات میں گرفتار ہوتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024