سائبر کرائم کے مقدمے میں اداکارہ عائشہ ثنا اشتہاری قرار
لاہور کی سیشن عدالت نے سائبر کرائم کے مقدمے میں معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ ثنا کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ ثنا کو اشہاری قرار دینے کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس نے جاری کیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ عائشہ ثنا کی گرفتاری تک ان کے وارنٹ گرفتاری مؤثر رہیں گے۔
مزید پڑھیں: اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ ثنا کے خلاف فراڈ کا مقدمہ؟
ساتھ ہی عدالت نے حکم دیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اپنے رجسٹر میں وارنٹ گرفتاری کا اندراج کرے۔
سیشن کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ عائشہ ثنا 30 دن کی حتمی مہلت کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ عائشہ ثنا پر یوسف بیگ مرزا کے خاندان کو بدنام کرنے کا الزام عائد ہے۔
ٹی وی میزبان عائشہ ثنا پر مدعی کی بیوی اور بیٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا بھی الزام ہے
ایف آئی اے نے یوسف بیگ مرزا کی مدعیت میں کیس کا چالان پیش کر رکھا ہے، چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کی وجہ سے مدعی کے خاندان کی بدنامی ہوئی۔
تاہم عائشہ ثنا ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے باوجود پیش نہ ہوئیں وہ اپنے خلاف درج مقدمے میں مارچ 2021 سے پیش نہیں ہو رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ماڈلز کا عائشہ ثنا کی ویڈیو کا ڈب میش
یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں صنعت کار محمد علی معین کی جانب سے ان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ نے انہیں ادھار پر لیے گئے 20 لاکھ روپے کی رقم واپس نہیں کی۔
واضح رہے کہ اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ ثنا کو گزشتہ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین پر نہیں دیکھا گیا۔
عائشہ ثنا نہ صرف ماڈلنگ و اداکاری کرتی دکھائی دیتی ہیں بلکہ وہ ٹی وی پروگرام سمیت دیگر تقریبات میں میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دے چکی ہیں۔
انہوں نے ایک درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ وہ ٹی وی چینلز پر پروگرامات کی میزبانی بھی کرتی دکھائی دی ہیں۔