• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم عمران خان کی زندگی پر بنی دستاویزی فلم کی پہلی قسط ریلیز

شائع October 6, 2021
اپنے انٹرویو میں وزیراعظم نے اسپریچوئل ڈیموکریسی کی اصطلاح کی تفصیل بھی بیان کی ہے—فوٹو: ٹوئٹر
اپنے انٹرویو میں وزیراعظم نے اسپریچوئل ڈیموکریسی کی اصطلاح کی تفصیل بھی بیان کی ہے—فوٹو: ٹوئٹر

گلوکار و فلم ساز سلمان احمد نے وزیر اعظم عمران خان کی 69 ویں سالگرہ پر گورنر ہاؤس سندھ میں منعقدہ تقریب میں ان کی زندگی پر بنائے جانے والی دستاویزی فلم ’اسپریچوئل ڈیموکریسی‘ کی پہلی قسط کا ورلڈ پریمیئر پیش کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 'جنون‘ میوزیکل بینڈ گروپ سے شہرت حاصل کرنے والے سلمان احمد نے کہا کہ یہ فلم ان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے اور 2020 کے اوائل میں نیویارک میں موت کو قریب سے دیکھنے کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے دعا کی تھی کہ اگر وہ زندہ رہے تو کچھ مثبت کریں گے۔

سلمان احمد نے کہا کہ 'اور مجھے جلد ہی جنوبی ایشیا کے لیے کورونا وائرس سفیر بنایا گیا تھا، اس دوران کام کرتے ہوئے میں نے دیکھا کہ کس طرح حکومت پاکستان نے اپنے مختلف پروگرامز کے ذریعے غریبوں کی مدد کرکے عالمی وبا کا مقابلہ کیا'۔

مزید پڑھیں: سلمان احمد کی وزیراعظم عمران خان کی زندگی پر بنی دستاویزی فلم

سلمان احمد نے کہا کہ 'یہ سب ایک وژن کو لے کر چلنے والے ہمارے رہنما کی وجہ سے ہوا لہذا میں نے وبا کے خلاف ہمارے ملک کے اقدامات کو دیکھنے کے بعد وزیراعظم سے انٹرویو کی اجازت طلب کی'۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک تفصیلی انٹرویو ہوا کہ اس 4 حصوں یا اقساط میں تقسیم کرنا پڑا'۔

دستاویزی فلم کا پہلا حصہ دیکھنے والوں کو ماضی کی یاد دلاتا ہے، جس میں وزیر اعظم کو شکار پر جاتے، کرکٹ کھیلتے، 1992 ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے اور 2014 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دھرنے کے دوران کی گئی تقریروں کی پرانی ویڈیو کلپس شامل ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے انٹرویو میں 'اسپریچوئل ڈیموکریسی ' کی اصطلاح کی تفصیل بیان کی ہے۔

دستاویزی فلم میں وزیراعظم نے کہا کہ'انسان ہونا روحانی ہے اور جہاں جمہوریت لوگوں کے مفاد میں ہو وہ روحانی جمہوریت ہوتی ہے'۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کس طرح کینسر ہسپتال کی تعمیر کے دوران انہوں نے وہ ایک فلاحی ریاست کے بارے میں سوچا جو قوم کی پرواہ کرتی ہو۔

دستاویزی فلم میں سوال کیا گیا کہ وزیراعظم نے سیاست میں آنے سے قبل اس حوالے سے انکار کیا تھا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ وہ شادی کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور 30 سال سے زائد برس کا عرصہ گزر جانے کے بعد وہ وزیراعظم ہیں اور 3 شادیاں کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکار سلمان احمد کے 50 رشتہ دار و دوست کورونا کا شکار

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ انسان ارتقا سے گزرتا ہے، جب کبھی کہیں آپ کوئی بیان دیتے ہیں تو آپ کو اندازہ نہیں ہوتا کہ اردگرد کے حالات بدل بھی سکتے ہیں۔

دستاویزی فلم کی پہلی قسط میں وزیراعظم سے متعلق مختلف شخصیات، صحافیوں کے تبصرے اور ان کے یو-ٹرنز پر تنقید بھی شامل ہے۔

فلم کی اسکریننگ کے بعد گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے 1993 میں عمران خان سے پہلی ملاقات کا احوال بھی بتایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024