• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمر شریف کی میت کراچی پہنچ گئی

عمر شرف 2 اکتوبر کو جرمنی میں جان کی بازی ہار گئے تھے —فوٹوز: فیس بک/ وسیم بادامی ٹوئٹر
عمر شرف 2 اکتوبر کو جرمنی میں جان کی بازی ہار گئے تھے —فوٹوز: فیس بک/ وسیم بادامی ٹوئٹر

پاکستان کے لیجنڈری اداکار و کامیڈین اور کامیڈی کے 'بے تاج بادشاہ' کہلائے جانے والے عمر شریف کی میت یورپی ملک جرمنی سے استنبول کے راستے کراچی پہنچ گئی۔

عمر شریف کی میت کو گزشتہ روز نیورمبرگ سے میونخ منتقل کیا گیا تھا جہاں سے ان کا جسد خاکی ترکی کے شہر استنبول لے جایا گیا تھا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ائیر لائن کی پرواز TK-708 نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے اڑان بھری اور آج (6 اکتوبر کی) صبح تقریباً 5 بج کر 33 منٹ پر کراچی ائیر پورٹ پر لینڈ کی۔

مزید پڑھیں: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے

عمر شریف کی بیوہ زرین غزل اور جرمنی سے قونصل جنرل امجد علی بھی ان کے جسد خاکی کے ہمراہ جرمنی سے کراچی پہنچے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عمرشریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے لواحقین کے حوالے کی گئی۔

عمر شریف کا جسد خاکی وصول کرتے وقت ان کے بیٹے جواد عمر اور دیگر احباب بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی بھی عمر شریف کی میت وصول کر نے کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں عمر شریف کی نماز جنازہ ادا، میت ورثا کے حوالے کردی گئی

ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعدعمر شریف کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر ایئر پورٹ سے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا۔

عمر شریف کی میت لے جانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ سرد خانے روانگی کے دوران اہلخانہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سرد خانے منتقلی کے چند گھنٹے بعد عمر شریف کے جسدِ خاکی کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع رہائش گاہ پہنچادیا گیا جہاں ان کے اہلخانہ، دوست اور عزیز و اقارب ان کا آخری دیدار کریں گے۔

عمر شریف کے آخری دیدار کے لیے ان کے گھر کے باہر عوام کی بڑی تعداد موجود ہے اور اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں سعید غنی کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق عمر شریف کی نماز آج سہ پہر 3 بجے ان کے نام سے منسوب عمر شریف پارک کلفٹن بلاک 2 میں ادا کی جائے گی جس کے بعدان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی۔

دوسری جانب میزبان وسیم بادامی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ عمر شریف کی نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی صاحب بدھ کو سہ پہر 3 بجے ان کے نام سے منسوب عمر شریف پارک (کلفٹن بلاک 2) میں پڑھائیں گے۔

تاہم اس سے قبل اداکار کی بیوہ زرین غزل نے بتایا تھا کہ عمر شریف کی نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے اور انہوں نے مذکورہ فرض سر انجام دینے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

گزشتہ شب جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ عمر شریف کی میت کو ترکش ایئرلائنز کی پرواز سے وطن لے جایا جائے گا اور ان کی بیوہ زرین غزل بھی اسی پرواز میں موجود ہوں گی۔

خیال رہے کہ عمر شریف 2 اکتوبر کی دو پہر کو جرمنی کے شہر نیورمبرگ کے ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

انہیں 28 ستمبر کو کراچی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کیا جا رہا تھا کہ ان کی طبیعت جرمنی میں بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں وہاں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی میت 2 دن میں پاکستان آنے کا امکان

عمر شریف کا جسد خاکی دو دن تک نیونبرگ کے ہسپتال میں تھا اور 4 اکتوبر کو وہاں کی مقامی انتظامیہ نے ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا، جس کے بعد ان کی میت کو پاکستانی سفارت خانے کے عملے اور ورثا کے حوالے کیا گیا تھا۔

4 اکتوبر کو نیورمبرگ میں عمر شریف کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی تھی اور یہ پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ ان کی میت 6 اکتوبر کی شام تک وطن پہنچے گی۔

جرمنی میں اداکار کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی تھی—فوٹو: ڈاکٹر محمد فیصل ٹوئٹر
جرمنی میں اداکار کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی تھی—فوٹو: ڈاکٹر محمد فیصل ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024