• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اگلا وزیراعظم جیالا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

شائع October 5, 2021
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کوٹلی آزاد کشمیر میں خطاب—تصویر: ڈان نیوز
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کوٹلی آزاد کشمیر میں خطاب—تصویر: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آنے والا وقت جیالوں کا ہے، اگلا وزیراعظم جیالا ہوگا، تمام صوبوں کے لیے پیغام ہے کہ بھٹو کے نعرے گونجیں گے۔

کوٹلی آزاد کشمیر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم خان صاحب سے پوچھتے ہیں کہ آپ کے دعوے کا کیا ہوا کہ گرین پاسپورٹ کی عزت کروائیں گے، باہر سے لوگ یہاں نوکری کے لیے آئیں گے، کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر، عوام آپ سے حساب لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح یہاں کے عوام نے وفاقی وزرا کی فوج، مسلم لیگ (ن) کی مقامی حکومت کا مقابلہ کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کو قائد حزب اختلاف کا عہدہ سونپا اس پر میں کشمیری عوام کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پورے ملک کو دکھا دیا ہے کہ کشمیر کا بھٹو، کشمیر کی بی بی زندہ ہے، ان پہاڑوں میں اگر کوئی سیاسی جماعت ہے، کوئی سیاسی کارکن ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور عمران خان نے ہمارا منشور کاپی کیا، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پی پی نے اپنے ورکرز کو ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ یہ کٹھ پتلی حکومت سازشوں میں لگی ہوئی ہے، انہیں معلوم ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا کشمیر سے صرف سیاسی رشتہ نہیں، ہمارا نسلوں کا رشتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سوچا کے اگر چوہدری یٰسین کے بیٹے پر جعلی مقدمہ قائم کر کے جیل بھیج دیا جائے تو یہ ہمت ہار جائیں گے؟ یہ ضمنی انتخاب میں مقابلہ نہیں کرسکیں گے اور بھاگ جائیں گے لیکن یہ ان کی بھول ثابت ہوئی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کو معلوم ہی نہیں کہ ہر جیالے کے لیے جیل جانا ضروری ہے، وہاں جیالوں کی تربیت ہوتی ہے جہاں ہم ظالموں، آمروں کا مقابلہ کرتے ہیں، تم کٹھ پتلی تو کوئی چیز ہی نہیں۔

عوام کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کے پاس نہ صرف ضمنی انتخاب میں بلکہ آنے والی نسلوں کا ساتھ مانگنے کے لیے آیا ہوں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں جیالا وزیراعلیٰ لاکر دکھائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے انتخابات میں پورے پاکستان کو ایک پیغام بھیجا ہے کہ اگر صاف اور شفاف انتخابات کل کرائے جائیں تو آزاد کشمیر، چاروں صوبوں اور وفاق میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے انتخابات کے بعد میں نے سندھ سے جنوبی پنجاب تک بائی روڈ سفر کیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اس ملک کے غریب عوام، بی بی کے تیر، بھٹو کے منشور، اس ملک کے مزدوروں، کسانوں اور طلبا کے لیے ایک آخری جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو نے ہمیں 4 اصول دیے کہ اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست ہے، مساوات ہماری معیشت اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، یہ آج بھی ہمارا منشور کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو بے روزگاری، غربت سے نکالنا ہے اور مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے تو ایک ہی جماعت کے پاس ان سارے مسائل کا حل ہے، پی پی پی نے ماضی میں بھی مہنگائی اور بے روزگاری کا مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس کو این آر او دینے والے بھٹو کو غدار کہہ رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام دشمن اور غریب دشمن ہے، انہوں نے حال ہی میں ان 16 ہزار خاندانوں کو بے روزگار کروایا جنہیں پاکستان پیپلز پارٹی نے پارلیمان میں روزگار دلوایا تھا۔

چیئرمین پی پی پی نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی روزگار دینے والی، خدمت کرنے والی، معاشی ترقی لانے والی جماعت ہے، میں یہاں کے عوام سے پوچھتا ہوں کہ انتخابات کو کافی وقت ہوگیا ہے حکومت نے آپ کے لیے کیا کیا؟

ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن سے پہلے بھی آپ کے پاس تھے، الیکشن کے بعد بھی آپ کے پاس ہیں جبکہ ہمارے مخالف تو منہ دکھانے کے قابل ہی نہیں ہیں جو الیکشن ہارے ہیں وہ تو ویسے ہی منہ دکھانے کے قابل نہیں لیکن جنہوں نے دھاندلی اور جھوٹے وعدوں سے الیکشن جیتا وہ بھی منہ دکھانے کے قابل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی آپ کی اصلی جماعت ہے جو عوام کی نمائندگی کرسکتی ہے، ناانصافی کا مقابلہ کرسکتی ہے اور بین الاقوامی اور قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرسکتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024