فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو مدد کی پیش کش پر اسرائیلی فوج پر تنقید
دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور اس کی ذیلی ایپس انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی 4 اور 5 اکتوبر کو 6 گھنٹے تک سروس بند رہنے پر جہاں کئی اداروں نے ان پر مزاحیہ تبصرے کیے، وہیں انہیں دیگر اداروں کی طرح اسرائیلی فوج نے بھی مدد کی پیش کیش کی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو سروس بحال کرنے کے لیے کی جانے والی مدد کی پیش کش پر ٹوئٹر صارفین بھی برہم ہوگئے اور صیہونی فوج کو کھری کھری سنادیں۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ، فیس بُک اور انسٹاگرام سروسز 6 گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال
’اسرائیل ڈیفینس فورسز‘ (آئی ڈی ایف) نے ٹوئٹر کی جانب سے فیس بک کی سروس بند ہونے پر کی جانے والی طنزیہ ٹوئٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو بھی مدد کی پیش کش کی تھی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے ٹوئٹ میں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو مینشن کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کی ٹیکنیکل ٹیم سوشل ایپس اور ویب سائٹس کی سروس بحالی کے لیے مدد فراہم کر سکتی ہے اور کیا انہیں کوئی مدد درکار ہے؟
اگرچہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مدد کی پیش کش پر فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام نے کوئی جواب نہیں دیا لیکن دنیا بھر کے صارفین نے صیہونی فوج کو کھری کھری سنادیں اور انہیں یاد دلایا کہ وہ خود اپنی ویب سائٹس ملائیشین ہیکرز سے تو محفوظ کرلیں، پھر دوسروں کو مدد فراہم کریں۔
کچھ لوگوں نے اسرائیلی فوج پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ممکن ہے کہ صیہونی فوج فیس بک کو مدد فراہم کرتے ہوئے اس کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل فائر کرے اور کہے کہ ان کے دفاتر حماس والے استعمال کر رہے تھے۔
اسی طرح کئی لوگوں نے اسرائیلی فوج کی جانب سے مدد کی پیش کش پر اس کے مظالم پر بات کی جب کہ بعض نے لکھا کہ کیا صیہونی فوج فیس بک کے ہیڈ کوارٹر پر بم گراکر یہ دعویٰ کرے گی کہ ویب سائٹ کا دفتر دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا؟
بعض ٹوئٹر صارفین نے اسرائیلی فوج کی جانب سے گلیوں میں کھیلتے فلسطینی بچوں کو قتل کرنے کے واقعات کو طنزیہ انداز میں بیان کیا اور لکھا کہ صیہونی فوج فیس بک کو مدد فراہم کرتے ہوئے کہے گی کہ انہوں نے گلی میں کھیلنے والے 6 بچوں کی زندگی چھین لی ہے اور انہیں توقع ہے کہ مذکورہ عمل سے فیس بک کی سروس بحال ہو جائے گی۔
بعض افراد نے اسرائیلی فوج کو فلسطین کی سرزمین اور فلسطینیوں کے حقوق کے اکاؤنٹس سالوں پہلے ہیک کرنے اور انہیں تاحال بحال نہ کرنے کے طعنے بھی دیے۔