• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ہماری کرکٹ آئی سی سی کے فنڈز پر چل رہی ہے، یہ سوچ کر خوف آتا ہے، رمیز راجا

شائع October 5, 2021
رمیز راجا نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور روایتی گھنٹہ بجا کر کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا — فوٹو: بشکریہ پی سی بی
رمیز راجا نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور روایتی گھنٹہ بجا کر کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا — فوٹو: بشکریہ پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انہیں یہ سوچ کر خوف آتا ہے کہ ہماری کرکٹ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فنڈز پر چل رہی ہے یا پھر اس پر زیادہ انحصار ہے۔

کراچی کے دورے پر موجود چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور روایتی گھنٹہ بجا کر کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپنے خطاب کے دوران رمیز راجا نے کرکٹ کی معیشت آئندہ ایک سال میں بہتر کرنے کے عزم ظاہر کیا۔

رمیز راجا نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی دستبرداری سے ایک چیز سیکھی ہے کہ کرکٹ کی معیشت کو مضبوط کرنا ہے، ہمارے پاس پیسے ہوں گے تو ان کی یہاں دلچسپی ہوگی اور یہ لوگ ہمیں استعمال کرکے ردی کی ٹوکری میں نہیں پھینک سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ سوچ کر خوف آتا ہے کہ ہماری کرکٹ آئی سی سی کے فنڈز پر چل رہی ہے یا پھر اس پر زیادہ انحصار ہے، آئی سی سی کبھی بھی کہہ سکتا ہے کہ سو کے بجائے دس روپے لے لیں پیسے نہیں ہیں، ہمیں اس کے لیے بھی بیک اپ پلان تیار کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: معروف تاجروں کی نیشنل اسٹیڈیم کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کی پیشکش

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کراچی کے تاجر کرکٹ میں سرمایہ کاری کرنا بھی چاہتے ہیں مگر کئی تاجروں کو روڈ میپ کے بارے میں نہیں پتا، ہم یہاں انہیں بتانے آئے ہیں کہ کس طرح آپ کرکٹ میں سرمایہ کاری کرکے منافع کما سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی معروف کاروباری شخصیات نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کرکے دینے کی پیش کش کی تھی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کراچی میں معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کے دفتر میں تاجروں سے ملاقات بھی کی اور ڈومیسٹک کرکٹ، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت کرکٹ سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔

پی سی بی نے بھارت کے ساتھ کرکٹ کے حوالے سے معاشی معاملات میں مقابلے کے لیے بھی تاجروں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا اور چیئرمین پی سی بی کو تاجروں نے اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بعد انگلینڈ بھی دورہ پاکستان سے دستبردار

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا اور نیوزی لینڈ کے انکار کے چند دن بعد انگلینڈ نے بھی اپنی مرد و خواتین کی ٹیموں کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ جو تجاویز ہمیں موصول ہوئیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔

بعد ازاں انگلینڈ نے اکتوبر میں شیڈول دورہ پاکستان سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں ہم نے انتہائی ہچکچاہٹ کے ساتھ خواتین اور مرد دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'سیکیورٹی خدشات': نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا

انگلینڈ کی ٹیم کو دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رواں سال کے اوائل میں ہم نے اکتوبر میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان میں دو ٹی20 میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین ٹیم کے مختصر ٹور کی بھی منظوری دی تھی۔

ای سی بی نے بتایا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے اس ہفتے کے اختتام پر خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے ان اضافی میچز کے حوالے سے اجلاس طلب کیا اور ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہم نے ہچکچاہٹ کے ساتھ دونوں ٹیموں کی دورے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024