• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شہید ملت انڈر پاس عمر شریف کے نام سے منسوب

شائع October 4, 2021
عمر شریف کی میت جرمنی سے 2 دن کے اندر ملک پہنچنے کا امکان ہے—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کی میت جرمنی سے 2 دن کے اندر ملک پہنچنے کا امکان ہے—فائل فوٹو: فیس بک

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کراچی کے معروف روڈ شہید ملت پر واقع حیدر علی انڈر پاس کا نام تبدیل کرکے اسے ’عمر شریف انڈر پاس‘ کرنے کی منظوری دے دی۔

مرتضیٰ وہاب نے عمر شریف کے انتقال کے فوری بعد ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وہ انڈر پاس کو کامیڈی کے بے تاج بادشاہ کے نام سے منسوب کریں گے۔

عمر شریف 2 اکتوبر کی دو پہر 66 برس کی عمر میں دوران علاج یورپی ملک جرمنی کے شہر نیونبرگ میں زندگی کی بازی ہار گئے تھے، انہیں عارضہ قلب کے علاج کے لیے براستہ یورپ امریکا منتقل کیا جانا تھا مگر ان کی وہاں طبیعت خراب ہوگئی تھی، جس وجہ سے انہیں وہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں؛ کراچی کے شہید ملت انڈر پاس کو عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ

مرتضیٰ وہاب نے 4 اکتوبر کو کی گئی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ انہوں نے شہید ملت پر واقع انڈر پاس کے نام کو تبدیل کرنے کی قرارداد کی منظوری دے دی۔

انہوں نے ٹوئٹ میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے کونسل سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ قرار داد کی کاپی بھی شیئر کی، جس کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے انڈر پاس کو عمر شریف کے نام منسوب کرنے کی منظوری دے دی۔

قرار داد میں بتایا گیا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سندھ حکومت کی جانب سے 5 اگست کو انہیں دیے گئے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انڈر پاس کا نام تبدیل کرنے اور اسے عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی۔

سندھ حکومت نے جہاں انڈر پاس کو عمر شریف کے نام سے منسوب کیا ہے، وہیں صوبائی حکومت ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں کرنے کی منظوری بھی دی ہے اور اس ضمن میں مزار کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

مزید پڑھیں: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے

عمر شریف کی میت تاحال جرمنی سے نہیں آئیں ہیں لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ 6 اکتوبر کی علی الصبح ان کا جسد خاکی کراچی پہنچ جائے گا۔

عمر شریف کی میت کو جرمنی کی انتظامیہ نے 4 اکتوبر کی سہ پہر کو وہاں موجود پاکستانی سفارت خانے کے عملے اور ان کی بیوہ زرین غزل کے حوالے کیا تھا اور کامیڈی کے بے تاج بادشاہ کی نیونبرگ شہر میں نماز جنازہ بھی ادا کی گئی تھی، جس میں پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی تھی۔

خیال کیا جا رہے کہ عمر شریف کی میت 6 اکتوبر تک کراچی پہنچ جائے گی لیکن امکان ہے کہ ان کا جسد خاکی 5 اور 6 اکتوبر کی درمیانی شب بھی پہنچ سکتا ہے۔

عمر شریف 2 اکتوبر کو انتقال کر گئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف 2 اکتوبر کو انتقال کر گئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024