• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

کراچی: معروف تاجروں کی نیشنل اسٹیڈیم کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کی پیش کش

شائع October 4, 2021
پی سی بی نے کراچی کے تاجروں سے اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کی تعمیر پر مشاورت کی--فائل/فوٹو: ڈان
پی سی بی نے کراچی کے تاجروں سے اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کی تعمیر پر مشاورت کی--فائل/فوٹو: ڈان

کراچی کی معروف کاروباری شخصیات نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کرکے دینے کی پیش کش کردی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کراچی میں معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کے دفتر میں تاجروں سے ملاقات کی اور ڈومیسٹک کرکٹ، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت کرکٹ سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔

مزید پڑھیں: 'سیکیورٹی خدشات': نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا

رمیز راجا کے ہمراہ پی سی بی کے عہدیدار سلمان نصیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پی سی بی نے بین الاقوامی ٹیموں کی جانب سے سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے سوالات کا مستقل حل تلاش کرنے کی غرض سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر پر مشاورت کی۔

معروف کاروباری شخصیات نے ملاقات کے دوران پی سی بی کو ہوٹل بنا کر دینے کی پیش کش کی اور کہا کہ بین الاقوامی ٹیموں کو مستقبل میں انہی ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل بننے سے غیر ملکی ٹیموں کے سیکیورٹی تحفظات دور ہوجائیں گے۔

پی سی بی نے بھارت کے ساتھ کرکٹ کے حوالے سے معاشی معاملات میں مقابلے کے لیے بھی تاجروں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا اور چیئرمین پی سی بی کو تاجروں نے اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کرکٹ کی معیشت مضبوط کرنی ہے اور اس پہلو پر کام شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی معیشت کو مضبوط کرکے ہم دنیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں، اس مشن میں تاجر اوپنر ہیں اور انہوں نے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

رمیز راجا نے تعاون کی یقین دہانی پر کراچی کے تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بعد انگلینڈ بھی دورہ پاکستان سے دستبردار

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا اور نیوزی لینڈ کے انکار کے چند دن بعد انگلینڈ نے بھی اپنی مرد و خواتین کی ٹیموں کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ جو تجاویز ہمیں موصول ہوئیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔

بعد ازاں انگلینڈ نے اکتوبر میں شیڈول دورہ پاکستان سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں ہم نے انتہائی ہچکچاہٹ کے ساتھ خواتین اور مرد دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم کو دو ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ رواں سال کے اوائل میں ہم نے اکتوبر میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان میں دو ٹی20 میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین ٹیم کے مختصر ٹور کی بھی منظوری دی تھی۔

ای سی بی نے بتایا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے اس ہفتے کے اختتام پر خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے ان اضافی میچز کے حوالے سے اجلاس طلب کیا اور ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہم نے ہچکچاہٹ کے ساتھ دونوں ٹیموں کی دورے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Robin Shamme Oct 05, 2021 11:42am
پہلے سے ہی علاقے کا ٹریفک سے بیڑہ غرق ہو جاتا ہے ۔۔۔ شہر کے ٹائون پلانرز اور ماہرین کو چاہئے کہ شہر کے مسائل حل کریں بجائے اس کے کہ شہر کا مزید خانہ خراب کرنے کی تجویزیں دی جا رہی ہیں ! ہوٹل بنے گا تو سوچیں کھلاڑیوں کا مسئلہ تو حل ہو جائے گا لیکن اسٹیڈیم میں کھیل کے وقت موجود لوگوں کی سہولت کیلئے کراچی کے کروڑوں شہریوں کو تکلیف میں ڈالنا کہاں کا انصاف ہے۔ شہر سے باہر اسٹیڈیم بنایا جائے بحریہ ٹائون میں بنایا جائے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کوشش کی جاتی ہے کہ خریداری کے مراکز رہائشی علاقوں سے دور ہوں لیکن یہاں عوام کی سستی اور کاہلی کا علاج نکالنے کے چکر میں بیچ شہر میں مالز کھول دیے جاتے ہیں اور ان کیلئے پارکنگ بھی غیر قانونی انتظامات کیے جاتے ہیں! افسوس کا مقام ہے کہ مسائل حل کرنے کی بجائے مسائل تقسیم کرنے کی سوچ پر عمل کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024