• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

جرمنی میں عمر شریف کی نماز جنازہ ادا، میت ورثا کے حوالے کردی گئی

شائع October 4, 2021
جناز نماز میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی—فوٹو: ڈاکٹر محمد فیصل ٹوئٹر
جناز نماز میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی—فوٹو: ڈاکٹر محمد فیصل ٹوئٹر

دو دن قبل دوران علاج یورپی ملک میں انتقال کر جانے والے کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی جرمنی کے شہر نیونبرگ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس کے بعد میت کو وہاں پاکستانی سفارتی عملے اور ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

عمر شریف کا جسد خاکی دو دن تک جرمنی کے شہر نیونبرگ کے ہسپتال میں تھا اور آج وہاں کی مقامی انتظامیہ نے ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس کے بعد ان کی میت کو پاکستانی سفارت خانے کے عملے اور ورثا کے حوالے کیا گیا تھا۔

جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹ میں عمر شریف کی نیونبرگ میں ادا کی گئی نماز جنازہ کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی میت 5 اکتوبر تک پاکستان روانہ کردی جائے گی۔

ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں لوگوں کی کثیر تعداد کو عمر شریف کی نماز جنازہ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین نے ’جیو نیوز‘ کے ساتھ گفتگو میں تصدیق کی کہ نیونبرگ شہری انتظامیہ کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بعد ہسپتال نے عمر شریف کا جسد خاکی ورثا اور سفارتی عملے کے حوالے کردیا۔

عمر شریف کے جسد خاکی کو سفارتی عملے کے حوالے کیے جانے کے بعد ان کی میت کو پہلے فرینکفرٹ لے جایا جائے گا جب کہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ممکنہ طور پر عمر شریف کی میت کو جرمنی کے شہر میونخ سے کراچی کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

اداکار کچھ عرصے سے علیل تھے—فائل فوٹو: فیس بک
اداکار کچھ عرصے سے علیل تھے—فائل فوٹو: فیس بک

ذرائع کے مطابق جرمنی کے ہسپتال میں رہنے کی وجہ سے عمر شریف کی بیوہ زرین غزل کا آج کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا، جس کا رزلٹ ملنے کے بعد ہی انہیں وہاں سے نکلنے کی اجازت ملے گی۔

اگر سب کچھ صحیح رہا تو کل شام تک عمر شریف کی میت کو پاکستان روانہ کیا جائے گا اور ان کا جسد خاکی 8 سے 10 گھنٹوں کے سفر کے بعد 6 اکتوبر کی علی الصبح کراچی پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی میت 2 دن میں پاکستان آنے کا امکان

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ عمر شریف کی میت کراچی پہنچنے کے بعد اسے کہاں منتقل کیا جائے گا لیکن کامیڈین کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر کی جائے گی۔

عمر شریف کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی جائے گی—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی جائے گی—فائل فوٹو: فیس بک

اس حوالے سے سندھ حکومت نے عبداللہ شاہ غازی مزار انتظامیہ کو پہلی ہی ہدایات جاری کر رکھی ہے اور ممکنہ طور پر آج شام تک عمر شریف کی تدفین کی جگہ کا تعین بھی ہوجائے گا۔

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف 2 اکتوبر کی دو پہر کو 66 برس کی عمر میں جرمنی کے شہر نیونبرگ کے ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

مزید پڑھیں: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کر گئے

انہیں 28 ستمبر کو کراچی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کیا جا رہا تھا کہ ان کی طبیعت جرمنی میں بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں وہاں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

عمر شریف دو دن تک جرمنی کے ہسپتال میں زیر علاج رہے، انہیں وہاں نمونیہ بھی ہوگیا تھا جب کہ وہ پہلے ہی عارضہ قلب، گردوں، شوگر اور ذیابیطس میں مبتلا تھے۔

عمر شریف کی بیوہ کا کورونا ٹیسٹ ہونے کے بعد اداکار کی میت کو پاکستان روانہ کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کی بیوہ کا کورونا ٹیسٹ ہونے کے بعد اداکار کی میت کو پاکستان روانہ کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024