• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

شاہ رخ خان کا بیٹا آریان منشیات کیس میں گرفتار

شائع October 3, 2021
این سی بی نے 2 اکتوبر کی رات کو ممبئی کی بندرگاہ پر کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپا مارا تھا—فائل فوٹو: فلم فیئر
این سی بی نے 2 اکتوبر کی رات کو ممبئی کی بندرگاہ پر کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپا مارا تھا—فائل فوٹو: فلم فیئر

بولی وڈ کنگ، شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان کو بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات سے متعلق کیس میں گرفتار کرلیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق این سی بی نے 2 اکتوبر کی رات کو ممبئی کی بندرگاہ پر کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپا مارا تھا۔

اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ بولی وڈ کے ایک بڑے اداکار کے بیٹے کو بھی اس معاملے میں حراست میں لیا گیا ہے۔

جس کے بعد این سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے ای ٹائمز کو تصدیق کی اور بتایا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداران نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو گرفتار کیا ہے۔

این سی بی کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ 'ان سے تفتیش کی جارہی ہے'۔

تفتیش کاروں سے قریبی ایک ذرائع نے بتایا کہ آریان کو پوچھ گچھ کے لیے گرفتار کیا گیا لیکن شاید وہ منشیات رکھنے میں ملوث نہیں۔

یہ بھی چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں کہ آریان خان کو منشیات رکھنے کے کیس ہی میں گرفتار کیا گیا ہے لیکن اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

گزشتہ شب اے این آئی نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'این سی بی نے ممبئی میں ایک کروز پر ہونے والی پارٹی پر چھاپا مار کر 10 افراد کو گرفتار کرلیا'۔

این سی بی کے قریبی ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام نے منشیات رکھنے یا ان کے استعمال میں آریان خان کے براہ راست ملوث ہونے سے متعلق جاننے کے لیے آریان خان کا فون بھی لیا تھا۔

دوسری جانب انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے نے کہا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو، آریان خان سے پوچھ گچھ کررہا ہے، اور ان پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

آریان خان کے علاوہ ان کے قریبی دوست ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

آریان خان، بولی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور گوری خان کے بڑے بیٹے ہیں۔

شاہ رخ کے 3 بچے ہیں، ان کی بیٹی کا نام سہانا خان، بڑے بیٹے کا نام آریان اور چھوٹے بیٹے کا نام ابرام خان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024