عمر شریف نمونیا کا شکار ہیں، طبیعت بہتر ہونے پر امریکا روانہ ہوں گے، ڈاکٹر طارق شہاب
پاکستانی نژاد ڈاکٹر و ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے تصدیق کی ہے کہ معروف اداکار و کامیڈین عمر عمر شریف نمونیا کا شکار ہیں اور طبیعت بہتر ہونے پر امریکا روانہ ہوں گے۔
نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ عمر شریف ابھی جرمنی میں ہیں، جب وہ پاکستان سے آئے تھے تو انہیں بخار اور تھکاوٹ تھی جس کی وجہ سے انہیں مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو خدشہ تھا کہ عمر شریف کو نمونیا ہوگیا لہذا ان کا سی ٹی اسکین اور بلڈ ٹیسٹ کرنے کے بعد ان کی اینٹی بائیوٹکس شروع کردی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: عمر شریف کو نمونیا کا خدشہ، جرمنی سے امریکا روانگی مؤخر ہونے کا امکان
ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ آج میری ڈاکٹر اسٹیفن سے پھر بات ہوئی ہے اور ان کے مطابق عمر شریف کی طبیعت کافی بہتر ہے، ان کا بلڈ پریشر اور سانس کی روانی پہلے سے بہتر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کے مطابق عمر شریف کے ڈائیلائسز کیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ وہ آج امریکا کے سفر پر روانہ ہوں گے یا ایک روز بعد واشنگٹن جائیں گے۔
گزشتہ روز عمر شریف کی ناساز طبیعت کی وجہ سے ہی ان کی جرمنی سے امریکا روانگی میں تاخیر ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ عمر شریف 28 ستمبر کو بذریعہ ایئر ایمبولینس علاج کے لیے پاکستان سے امریکا روانہ ہوئے تھے تاہم طبیعت کی خرابی کے باعث انہیں پہلے اسٹاپ پر جرمنی کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ سوا 7 گھنٹے کے مسلسل فضائی سفر کی وجہ سے عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: طویل سفر کی تھکاوٹ کے باعث عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں داخل
دوسری جانب عمر شریف کو ہسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد ان کی اہلیہ کو ہنگامی ویزے کی ضرورت پڑی تھی جس کے لیے انہیں پولیس سے رجوع کرنا پڑا تھا اور زرین غزل نے 4 گھنٹے نیور مبرگ ایئرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارے۔
عمر شریف کو علاج کے لیے کم از کم ایک ہفتہ قبل امریکا روانہ ہونا تھا مگر ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد، اداکار کے ویزا کے اجرا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔
عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کی شب کراچی ایئر پورٹ پہنچ چکی تھی مگر پھر اداکار کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی روانگی مؤخر کردی گئی تھی اور وہ 27 ستمبر کو روانہ ہوئے تھے۔
عمر شریف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں عارضہ قلب کے علاوہ گردوں کے امراض کا بھی سامنا ہے جب کہ انہیں ذیابطیس بھی ہے۔