کراچی میں اربن فلڈنگ، تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا خطرہ ٹل گیا، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ اور تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا کہ طوفان کراچی سے 280 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں موجود ہے جس کا ٹریک ہمارے علاقے کے نزدیک ہونے کی وجہ سے تیز ہواؤں اور بارش کا خطرہ تھا، جواب نہیں رہا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے حوالے سے پانچواں الرٹ جاری کیا، جس کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ سائیکلون میں تبدیل ہو چکا ہے اور اس کا نام قطر کی تجویز پر شاہین رکھا گیا ہے۔
طوفان کے پیش نظر بلوچستان کے اضلاع گوادر ،لسبیلہ ،آواران، کیچ، خضدار ،قلات اور پنجگور میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں البتہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں معتدل اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ سمندر میں 3 اکتوبر تک طغیانی رہنے کی پیش گوئی ہے۔
سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 39ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 27.4 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 26.8 ملی میٹر، قائداباد میں 26.3 ملی میٹر، ناظم آباد میں 26.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ مسرور بیس پر 26 ملی میٹر، اورنگی ٹاون میں 25ملی میٹر، فیصل بیس 22 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 21.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کیماڑی میں 20 ملی میٹر، اولڈ اییرپورٹ پر 17.2 اور سعدی ٹاون میں 13.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہر میں سب سے کم بارش جناح ٹرمینل میں 10.2 ملی میٹر پر ریکارڈ کی گئی جبکہ یونیورسٹی روڈ پر 12.4، گلشن معمار میں 11.3ملی میٹر بارش ہوئی۔
کراچی میں عام تعطیل
طوفان گلاب سے پیدا ہونے والی موسم کی صورتحال اور متوقع تیز بارش کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خطرے کے باعث شہر قائد میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل غیر یقینی صورتحال کے باعث سندھ حکومت نے جمعہ کے روز صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا تاہم رات گئے کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔
اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ یکم اکتوبر کو تمام دفاتر، تعلیمی ادرے اور کاروبار بند رہیں گے اور صرف ضروری کاروبار اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی سرگرمیوں سے منسلک سرکاری دفاتر کھلے رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سمندری طوفان 'شاہین'، کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش
ساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو تحفظ کے پیشِ نظر گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
طوفان گلاب کے بحیرہ عرب سے گزرنے کے باعث کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جمعرات سے جاری ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث گزشتہ روز شہر قائد میں متعدد مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گر پڑے۔
کراچی والوں نے دن بھر تیز ہواؤں کا مشاہدہ کیا جو صبح سویرے شہر میں داخل ہوئیں اور رفتار 42 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، تیز ہواؤں نے شہر کے مختلف حصوں میں الگ تھلگ حادثات پیش آئے اور کچھ تعمیرات کسی جانی نقصامن کے بغیر گر گئیں۔
مزید پڑھیں: سندھ کے کچھ علاقوں میں طوفان 'گلاب' کی وجہ سے تیز بارش کا امکان
دوسری طرف میڈیا کی جانب سے سمندری طوفان کی وسیع کوریج کے باعث شہریوں کی معمولات زندگی میں گبھراہٹ اور پریشانی جیسی صورتحال دیکھی گئی۔
شہر کے بیشتر حصوں میں دن کے مختلف اوقات میں بارش کا سلسلہ جاری رہا لیکن بارش کی پیمائش کے حوالے سے کوئی واضح اعداد و شمار سامنے نہ آسکے۔