پاکستان میں ویکسین نہ لگوانے والے افراد پر آج سے سخت پابندیاں عائد
پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی اہل صرف 20 فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہے ایسے میں جمعہ کے روز (آج) سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے لیے نقل و حرکت مشکل ہو جائے گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلوں کے مطابق یکم اکتوبر سے صرف مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد کو طلبا اور اسکولوں سے متعلق سامان کی نقل و حمل کے کاروبار میں رہنے کی اجازت ہوگی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسی طرح مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد کو ہی شاپنگ مالز میں داخلے اور کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ویکسینیشن کے بعد کووڈ کی سنگین شدت کا خطرہ نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، تحقیق
مزید برآں صرف مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد کو ملکی اور بین الاقوامی فضائی سفر کی اجازت ہوگی اور یہ پابندی اندرون اور بیرون ملک جانے والے دونوں طرح کے مسافروں کے لیے ہوگی۔
تاہم ٹرینوں اور بسوں میں سفر کرنے کا اہل بننے کے لیے لوگوں کو 15 اکتوبر تک ویکسین کی دونوں خوراکیں لگانی ہوں گی، اسی طرح 15 اکتوبر کے بعد صرف مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد کو شاہراہوں اور موٹر ویز پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
وزارت صحت کے ترجمان ساجد شاہ نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین دستیاب تھی اور ملک میں ہزاروں ویکسینیشن سینٹرز کھولے گئے تھے لہٰذا لوگوں کو ویکسین لگوائے بغیر رہ کر دوسروں کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو بھی فضائی سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: کووڈ 19 سے گردوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے، تحقیق
ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یکم اکتوبر 2021 سے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے مکمل طور پر ویکسین والے مسافروں کو ہی اندرون ملک ہوائی سفر کرنے کی اجازت ہوگی‘۔
دریں اثنا سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان کے اندر اور باہر فضائی سفر کے بارے میں کووڈ 19 ویکسینیشن کی نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
ہدایات میں کہا گیا کہ 15 سے 18 سال کی عمر کے غیر ویکسینیٹڈ پاکستانی افراد کو یکم نومبر تک اندرونِ ملک فضائی سفر کی اجازت ہوگی، جزوی ویکسینیشن کی ضرورت ان پر یکم نومبر سے اور مکمل ویکسینیشن کی شرط یکم دسمبر سے لاگو ہوگی۔
تاہم 18 سال سے کم عمر کے غیر ملکی یا غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویکسینیشن کی شرط کے بغیر پاکستان کے اندر سفر کی اجازت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ایسٹرا زینیکا ویکسین کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے 74 فیصد تک مؤثر
وہ مسافر، جنہیں ویکسین نہ لگوانے کا مشورہ دیا ہے، کسی مستند ڈاکٹر سے سرٹیفکیٹ لینے کے بعد انہیں بھی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر اندرونِ ملک پرواز اور سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
علاوہ ازیں تمام غیر ملکی یا غیر ملکی پاسپورٹ ہولڈرز جنہوں نے یکم اکتوبر سے پہلے پاکستان کا سفر کیا ہے انہیں بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے اندرون ملک فضائی سفر جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
پی ایم اے کا ڈینگی بخار کے کیسز پر اظہار تشویش
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک میں ڈینگی بخار کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے مطابق تمام صوبوں میں ڈینگی وائرس کے ہزاروں تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں پی ایم اے نے کہا کہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ہمیں خدشہ ہے کہ یہ وبا بن سکتی ہے، خدا کا شکر ہے کہ اس مرحلے پر کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد کم ہو رہی ہے لیکن اگر لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کرتے ہیں تو یہ بڑھ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کمزور نظامِ صحت ایک اور بیماری کے پھیلاؤ کا دباؤ نہیں اٹھا سکتا لہذا حکومت کو فوری طور پر ڈینگی بخار پر قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔