• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمر شریف کو نمونیا کا خدشہ، جرمنی سے امریکا روانگی مؤخر ہونے کا امکان

شائع September 30, 2021
وہ  2 روز قبل امریکا کیلئے روانہ ہوئے تھے—فائل فوٹو:فیس بک
وہ 2 روز قبل امریکا کیلئے روانہ ہوئے تھے—فائل فوٹو:فیس بک

دو روز قبل امریکا روانہ ہونے والے لیجنڈری کامیڈین عمر شریف تاحال جرمنی کے ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور انہیں نمونیا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث آج ان کی امریکا روانگی مؤخر ہونے کا اندیشہ ہے۔

عمر شریف اس وقت جرمنی شہر نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔

نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عمر شریف کا امریکا میں علاج کرنے والی ٹیم کے رکن پاکستانی نژاد ڈاکٹر و ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ جرمنی میں عمر شریف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے مزید 2 روز تک ان کا علاج جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: طویل سفر کی تھکاوٹ کے باعث عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں داخل

ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ عمر شریف کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، انہیں اب بخار نہیں ہے جبکہ ان کا بلڈ پریشر بھی کنٹرول میں ہے اور ان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے تفصیلی رپورٹس میں عمر شریف کو نمونیا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد ان کی اینٹی بائیوٹیک شروع کردی گئی ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق نیورمبرگ نارتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ عمر شریف مزید 2 دن تک زیرِ علاج رہ سکتے ہیں۔

عمر شریف کے دل کے والوز کو ملانے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کے دل کے والوز کو ملانے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے کہا کہ نیورمبرگ نارتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز کی اجازت سے ہی عمر شریف کو امریکا کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی طبیعت پھر خراب، علاج کیلئے امریکا روانگی مؤخر

قبل ازیں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عمر شریف کو امریکا لے جانے والی ایئر ایمبولینس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کے باعث کمپنی کی جانب سے متبادل طیارہ فراہم کیا جائے گی لیکن ان کی جرمنی سے روانگی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں ایئر ایمبولینس کمپنی کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ طیارے کی مین لائٹ میں پہلے سے تکنیکی خرابی ہے جس کی بنیاد پر طیارے میں نائٹ لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولت عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ طیارے میں موجود خرابی کو دور کیا جائے گا یا پھر انہیں متبادل طیارہ فراہم کیا جائے گا۔

جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے کی عمر شریف سے تعاون کی یقین دہانی

دوسری جانب جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قونصل جنرل نے ہسپتال میں داخل عمر شریف کی عیادت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ عمر شریف کو منگل کی رات کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

مزید بتایا گیا کہ جرمنی میں موجود پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل کی ہدایت پر قونصل جنرل زاہد حسین نے ہسپتال کا دورہ کیا اور عمر شریف کی اہلیہ سے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: عمر شریف علاج کے لیے بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکا روانہ

بیان میں کہا گیا کہ عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کو ان کے شوہر کے علاج سے متعلق ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

خیال رہے کہ عمر شریف 2 روز قبل بذریعہ ایئر ایمبولینس علاج کے لیے امریکا روانہ ہوئے تھے تاہم طبیعت کی خرابی کے باعث انہیں پہلے اسٹاپ اوور جرمنی کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔

اداکار 28 ستمبر کو دوپہر 12 بجے کے بعد امریکا روانہ ہوئے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک
اداکار 28 ستمبر کو دوپہر 12 بجے کے بعد امریکا روانہ ہوئے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ سوا 7 گھنٹے کے مسلسل فضائی سفر کی وجہ سے عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہوگیا تھا۔

دوسری جانب عمر شریف کو ہسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد ان کی اہلیہ کو ہنگامی ویزے کی ضرورت پڑی تھی جس کے لیے انہیں پولیس سے رجوع کرنا پڑا تھا اور زرین غزل نے 4 گھنٹے نیور مبرگ ایئرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی وائرل تصویر پر مداحوں کا اظہارِ تشویش

خیال رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے کم از کم ایک ہفتہ قبل امریکا روانہ ہونا تھا مگر ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد، اداکار کے ویزا کے اجرا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔

عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کی شب کراچی ایئر پورٹ پہنچ چکی تھی مگر پھر اداکار کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی روانگی مؤخر کردی گئی تھی اور وہ 27 ستمبر کو روانہ ہوئے تھے۔

عمر شریف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں عارضہ قلب کے علاوہ گردوں کے امراض کا بھی سامنا ہے جب کہ انہیں ذیابطیس بھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024