بھارتی اداکار وجے کے والد نے بیٹے کے مقدمہ دائر کرنے پر جواب دے دیا
بھارتی سپر اسٹار، ڈانسر، گلوکار اور سماجی رہنما 47 سالہ تھلپتھی وجے چندر شیکھر المعروف ’وجے‘ کے والد فلم ساز ایس اے چندر شیکھر نے بیٹے کی جانب سے عدالت میں دائر کردہ مقدمے میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سیاسی پارٹی تحلیل کردی۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق وجے کے والد ایس اے چندر شیکھر نے ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کی کورٹ میں حلف نامہ جمع کرواتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے جولائی 2020 میں بیٹے کے فین کلب کے نام سے سیاسی جماعت بنائی تھی، بعد ازاں اسے تحلیل کردیا گیا تھا۔
اداکار کے والد کے مطابق انہوں نے فروری 2021 میں ’آل انڈیا تھلپتھی وجے مکل لیاکم‘ نامی تنظیم کے اجلاس کے بعد اسے تحلیل کردیا تھا۔
اداکار کے والد نے حلف نامے میں بتایا کہ ان کے بیٹے نے دیگر جن 10 افراد کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا تھا، انہوں نے پارٹی تحلیل کے بعد اپنے استعفے دے دیے تھے۔
ان کی جانب سے حلف نامہ جمع کروائے جانے سے قبل ان کے بیٹے وجے تھلپتھی نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ ان کے والدین سمیت ان کے رشتے داروں کو ان کا نام استعمال کرکے فنڈز اور ووٹ مانگنے سے روکا جائے۔
وجے کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں کسی ہرجانے کا دعویٰ دائر نہیں کیا گیا تھا، البتہ والدین، رشتے داروں اور سابق قریبی ملازمین کو اداکار کا نام استعمال کرکے سیاست کرنے سے روکنے کی اپیل کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی سپر اسٹار وجے نے والدین و رشتے داروں پر مقدمہ کردیا
اداکار نے ایک ایسے وقت میں والدین اور رشتے داروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جب کہ آئندہ ماہ اکتوبر میں تامل ناڈو میں مقامی انتخابات ہونے ہیں۔
اداکار کو خدشہ تھا کہ ان کے والدین، رشتے دار اور سابق قریبی ملازمین ان کا نام استعمال کرکے سیاسی جلسے کرکے لوگوں سے فنڈز اور ووٹ مانگیں گے۔
اداکار کے والد فلم ساز ایس اے چندر شیکھر نے نومبر 2020 میں بیٹے کے نام پر الیکشن کمیشن آف انڈیا میں سیاسی جماعت ’آل انڈیا تھلپتھی وجے مکل لیاکم‘ نامی پارٹی رجسٹرڈ کروائی تھی۔
مذکورہ پارٹی میں صدر کے لیے سپر اسٹار وجے کے والد نے اپنا نام دیا تھا جب کہ اہلیہ شوبھا کا نام بھی خزانچی کے طور پر دیا تھا۔
سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے بعد والدین نے اداکار کی تصاویر اور پوسٹرز کا استعمال کرکے جلسے بھی کیے جب کہ چندہ مہم بھی چلائی، جس کے بعد وجے نے والدین کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا تھا لیکن اب ان کے والد نے تصدیق کی ہے کہ پارٹی کو تحلیل کردیا گیا۔
وجے، جنوبی بھارتی سینما کے سپر اسٹار ہیں، انہوں نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا اور اب تک 6 درجن کے قریب تیلگو فلموں میں کام کر چکے ہیں، انہوں نے 1999 میں سری لنکن تامل خاتون سنگیتا سومالنگم سے شادی کی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔