• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

اشنا شاہ ’ہیرا منڈی‘ پر سیریز بنائے جانے پر سنجے لیلیٰ بھنسالی سے نالاں

شائع September 28, 2021 اپ ڈیٹ September 29, 2021
اداکارہ کے مطابق ہیرا منڈی پاکستان میں تھی، اس لیے بھارت اس پر سیریز نہیں بنا سکتا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
اداکارہ کے مطابق ہیرا منڈی پاکستان میں تھی، اس لیے بھارت اس پر سیریز نہیں بنا سکتا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

اداکارہ اشنا شاہ نے بولی وڈ فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی کی جانب سے ’ہیرا منڈی‘ نامی ویب سیریز بنائے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مذکورہ ویب سیریز نہیں بنائی جانی چاہیے۔

اشنا شاہ نے اپنی ٹوئٹ میں شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کی خبر شیئر کرتے ہوئے سنجے لیلیٰ بھنسالی کی جانب سے ’ہیرا منڈی‘ نامی ویب سیریز کو چوری اور قبضہ قرار دیا۔

اداکارہ نے دلیل دی کہ ’ہیرا منڈی‘ پاکستانی صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تھی، اس لیے مذکورہ مسئلے پر فلم یا سیریز بھی پاکستان بنا سکتا ہے۔

اشنا شاہ نے لکھا کہ ثقافتی تعاون الگ چیز ہوتی ہے مگر دوسرے کی ثقافت کو چرانا غلط اور نامناسب ہے۔

اداکارہ نے دلیل دی کہ پاکستانی علاقے کی تاریخ اور ثقافت پر بھارت کی جانب سے ’نیٹ فلیکس‘ کے لیے ویب سیریز بنائے جانے کے بعد وہ اصل نہیں رہے گی، وہ چوری شدہ اور دوسرے ملک کی ثقافت پر قبضے کی سیریز بن جائے گی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بھارتی فلم انڈسٹری بہت بڑی ہے اور اس کے پاس کئی طرح کی کہانیاں بھی موجود ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ بھارتی فلم ساز ’ہیرا منڈی‘ پر ویب سیریز نہیں بنا سکتے۔

ساتھ ہی انہوں نے ’ہیرا منڈی‘ سے متعلق خبر کی ہیڈلائن بھی شیئر کی۔

یہ بھی پڑھیں: اشنا شاہ کے آنے والے گانے کی تصاویر پر مداح برہم

اشنا شاہ سے قبل اداکارہ منشا پاشا اور یاسر حسین بھی سنجے لیلیٰ کی جانب سے ’ہیرا منڈی‘ بنائے جانے پر بات کر چکے ہیں اور دونوں اداکاروں کے مطابق بھارتی فلم ساز ہماری کہانیاں چرا کر پیسے اور شہرت بٹور رہے ہیں جب کہ ہم اپنی کہانیوں پر خود ہی پابندیاں لگا رہے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ سیریز میں مادھوری، دپیکا اور ایشوریا مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام
اطلاعات ہیں کہ سیریز میں مادھوری، دپیکا اور ایشوریا مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام

اشنا شاہ نے ایک ایسے وقت میں ’ہیرا منڈی‘ کے معاملے پر بات کی ہے جب کہ حال ہی میں سنجے لیلیٰ بھنسالی اور اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ کے درمیان مذکورہ ویب سیریز کے حوالے سے معاہدہ طے پایا تھا۔

’ورائٹی‘ کے مطابق نیٹ فلیکس اور سنجے لیلیٰ بھنسالی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے فلم ساز اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے مختلف سیزنز پر مبنی ویب سیریز بنائیں گے۔

یہ واضح نہیں کہ فلم ساز اور اسٹریمنگ ویب سائٹ کے درمیان کتنی مالیت کا معاہدہ ہوا ہے، اس سے قبل خبریں تھیں کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی ممکنہ طور پر 'ہیرا منڈی‘ کے نام سے فلم بنائیں گے۔

سنجے لیلیٰ بھنسالی نے حال ہی میں ’نیٹ فلیکس‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ان کے دوست معین بیگ نے 14 سال قبل ’ہیرا منڈی‘ کی 14 صفحات پر مشتمل کہانی دی تھی، جس پر انہوں نے کافی غور کیا اور اب اسی پر سیریز بنائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق سیریز کےلیے مختلف اداکاراؤں سے سنجے لیلیٰ کے مذاکرات جاری ہیں—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام
اطلاعات کے مطابق سیریز کےلیے مختلف اداکاراؤں سے سنجے لیلیٰ کے مذاکرات جاری ہیں—فائل فوٹوز: فیس بک/ انسٹاگرام

ان کے مطابق ’ہیرا منڈی‘ سیریز کی کہانی تقسیم ہند سے قبل کی ہے، جس وقت لاہور متحدہ ہندوستان کا حصہ تھا۔

فلم ساز نے بتایا کہ ’ہیرا منڈی‘ میں دکھایا جائے گا کہ ماضی میں جسم فروشی کے اڈوں پر کس طرح آرٹ اور ثقافت کی ترویج ہوتی تھی اور کس طرح وہیں سیاست پلتی اور بڑھتی تھی۔

سنجے لیلیٰ بھنسالی نے ’ہیرا منڈی‘ کو مشکل ترین منصوبہ بھی قرار دیا، تاہم ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ وہ اسے توقعات کے مطابق پورا کریں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ہیرا منڈی‘ میں کون سے اداکار یا اداکارائیں مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی، تاہم اطلاعات ہیں کہ ایشوریا رائے، مادھوری ڈکشٹ، ودیا بالن، منیشا کوئرالہ، عالیہ بھٹ اور پرینیتی چوپڑا جیسی اداکاراؤں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

انجنیئر حا مد شفیق Sep 28, 2021 08:37pm
Yes she is right if Sanjay want to make any series related to Heera Mandi it should be make at in Lahore there is no other place like Lahore to make Heera Mandi

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024