قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق عارضہ قلب کے باعث ہسپتال منتقل
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث لاہور کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔
انضمام الحق کے ایجنٹ نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 51 سالہ سابق کپتان کو دل میں تکلیف کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں انضمام الحق کی انجیوپلاسٹی کی گئی اور اسٹنٹ ڈالا گیا، جس کے بعد ان کی حالت بہتر ہے تاہم وہ اب بھی زیر نگرانی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ سابق چیف سلیکٹر کو جلد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
کرکٹر کو دل کا دورہ پڑنے اور ہسپتال داخل ہونے کی خبر ٹوئٹر پر گردش کرنا شروع ہوئی تو شہریوں کے ساتھ کھیلوں کی شخصیات نے بھی ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: طویل دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم میں جھگڑے ہو سکتے ہیں، انضمام الحق
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے انضمام الحق کو 'لیجنڈ' اور 'پاکستان کا فخر' قرار دیا۔
سرفراز احمد نے بھی ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
کرکٹ پریزینٹر وِکرم سٹھائے نے انضمام الحق کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ 'کرکٹ کو اب بھی آپ کے پرسکون اثر کی بہت ضرورت ہے'۔
کمنٹیٹر ہَرشا بھوگلے نے امید ظاہر کی کہ سابق پاکستانی کپتان جلد شفایاب ہوجائیں گے اور مزید کئی سالوں تک کرکٹ کا حصہ رہیں گے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق انضمام الحق، پاکستان کی جانب سے ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 375 میچز میں 11 ہزار 701 رنز بنائے۔
وہ 119 ٹیسٹ میچز میں 8 ہزار 829 رنز بنا کر پاکستان کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے۔
انضمام الحق پاکستان کے سب سے کامیاب کپتانوں میں سے بھی ایک ہیں۔
انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے 2007 میں ریٹائرمنٹ لی تھی جس کے بعد وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ اور پھر 2016 سے 2019 چیف سلیکٹر بھی رہے۔