• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

پی سی بی کی پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز کو نئے مالیاتی ماڈل کی پیشکش

شائع September 28, 2021
فرنچائز مالکان نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات میں لیگ میں مسلسل خسارے کے سبب مالیاتی ماڈل پر تحفظات کا اظہار کیا — فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل/ٹوئٹر
فرنچائز مالکان نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات میں لیگ میں مسلسل خسارے کے سبب مالیاتی ماڈل پر تحفظات کا اظہار کیا — فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل/ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز نے لیگ میں مسلسل خسارے کے باعث مالیاتی ماڈل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں نئے مالیاتی ماڈل کی پیشکش کی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر پی سی بی نے 6 فرنچائزز کی معاونت کرنے کے لیے چند اہم پیشکش کیں۔

فرنچائزز کو پی ایس ایل 5 اور 6 کے لیے کووڈ-19 ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ ڈالر کا ریٹ مقرر کرنے کی پیشکش بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے مالیاتی ماڈل میں تبدیلی کیلئے فرنچائزوں نے عدالت سے رجوع کر لیا

اس سلسلے میں بتایا گیا کہ لیگ کے ساتویں ایڈیشن سے بیسویں ایڈیشن تک سینٹرل پول آف ریونیو میں ان کے شیئر میں اضافہ کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے قانونی اور کانٹریکٹ کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فرنچائزز کو ایک نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش کی ہے، جس کا مقصد فرنچائز کے خدشات دور کرکے ان کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو اُمید ہے کہ فرنچائزز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے برانڈ کو مستحکم کرنے کے لیے اس پیشکش کو قبول کریں گی۔

ذرائع کے مطابق تمام فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مالیاتی ماڈل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مسلسل خسارے کی وجہ سے شدید مالی مسائل کا شکار ہیں۔

اس کے علاوہ تمام فرنچائزز نے مستقبل کے حوالے سے غیریقینی کی صورتحال پر بھی بورڈ سے ٹیموں کی ملکیت کی مدت 10 سال سے بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: بورڈ اور فرنچائز آئندہ سال جنوری، فروری میں پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر متفق

واضح رہے کہ لیگ کے پہلے ایڈیشن سے قبل فرنچائزز کی فروخت کے موقع پر یہ طے پایا تھا کہ ٹیموں کی ملکیت 10 سال کے لیے فروخت کی جارہی ہے اور 10 سال بعد ٹیموں کی اس وقت کی ملکیت کا تعین کرتے ہوئے انہیں دوبارہ فروخت کیا جائے گا۔

اب ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے جو نیا مالیاتی ماڈل پیش کیا گیا ہے اس میں سالانہ فیس پر نہ صرف ڈالر کے ریٹ کو فکس کردیا گیا ہے بلکہ اس مالیاتی ماڈل کی پیشکش 20ویں ایڈیشن تک کی گئی ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ٹیموں کے ملکیت کا معاملہ ایک حد تک حل کردیا گیا ہے۔

ابھی تک فرنچائزز نے اس حوالے سے رضامندی یا انکار کا اعلان نہیں کیا اور عین ممکن ہے کہ چند دن میں تمام ٹیموں کے مالکان باہمی مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024